Jasarat News:
2025-01-18@10:56:16 GMT

بال کٹوانا اور رنگوانا

اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT

سوال: عورتوں کے بال کٹوانے پر رہنمائی فرمائیے؟ برعظیم پاک و ہند کے علما اس کو درست نہیں سمجھتے لیکن دوسری طرف شیخ عبدالعزیز بن بازؒ کا اس کے جواز میں فتویٰ موجود ہے۔ برائے مہربانی رہنمائی فرمائیے کہ اگر کوئی عورت شرعی پردہ کرتی ہو لیکن صرف اپنی یا اپنے شوہر کی خوشی کے لیے اپنے بالوں کو کٹوائے تو کیا یہ جائز ہوگا یا دوسروں پر بْرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے؟
بالوں کو رنگوانے کے متعلق بھی وضاحت فرما دیجیے کہ آیا صرف اپنے یا شوہر کے شوق کی خاطر بالوں کو رنگوایا یا بلیچ کروایا جاسکتا ہے، جب کہ عورت شرعی پردے کا خیال رکھتی ہو؟ کیا ہم کسی ایسی کارکن یا داعی کے محاسبے کا حق رکھتے ہیں؟

جواب: بال کٹوانے پر اگر شیخ عبدالعزیز بن باز مرحوم نے اور شیخ یوسف القرضاوی نے فتویٰ دیا ہے تو میری معلومات کی حد تک اس کی واضح دلیل اس اصول میں ہے جس میں ایک بڑی بْرائی سے بچنے کے لیے کم تر کا اختیار کرنا مصلحت دینی ہے۔ اگر ایک شوہر اور اس کی بیوی یہ سمجھتے ہیں کہ بیوی کے بال ترشے ہوئے ہوں تو ذاتی پسند و ناپسند سے قطع نظر اسے ممنوع نہیں کہا جاسکتا۔ جس بات کی ممانعت ہے وہ بالوں میں بال جوڑنے کی ہے بالوں کو کاٹنے کی نہیں۔

دوسری جانب یہ بات کہ اس طرح مرد اور عورت کا تشخص ختم ہوجاتا ہے اس وقت قوی ہے جب ایک مسلمان خاتون بال کٹوا کر سر کھول کر بازاروں میں پھر رہی ہو۔ اگر ایک بیوی اپنے شوہر کی خواہش کی بنا پر بال تراش کر [وہ جس طرح کے بھی ہوں] اس کے سامنے آتی ہے اور جب باہر جاتی ہے تو اس کا سر اور تمام جسم ڈھکا ہوا ہے تو اس میں معاشرے کو کیا خطرہ ہے؟ کیا وہ معاشرے میں مشابہت کی تشہیر کر رہی ہے؟ ہاں، اگر کوئی عورت بال کٹوا کر سر کھول کر سب کے سامنے پھرتی ہے تو مشابہت سے زیادہ یہ رسولؐ کی دی ہوئی شریعت کی مخالفت ہے جس کا مطالبہ یہ ہے کہ وہ حجاب، یعنی سر ڈھانک کر باہر نکلے۔ شرعی پردے کو نبی کریمؐ کی اس حدیث نے قیامت تک کے لیے متعین کردیا جس میں آپؐ سیدہ عائشہؓ کو ہدایت فرماتے ہیں کہ جب ایک مسلمان بچی بالغ ہوجائے تو چہرے اور ہاتھ کے سوا تمام جسم ڈھکا ہوا ہو۔ اس میں بالوں کی سیٹنگ کہیں آس پاس نہیں آتی کیونکہ جب سر مکمل طور پر ڈھک گیا تو حجاب کے اندر بال لمبے ہوں یا چھوٹے، اس سے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

بال رنگوانے کے بارے میں یہ بات حدیث سے ثابت ہے کہ مہندی یا حنا کے استعمال کی کوئی ممانعت نہیں کی گئی۔ اس پر قیاس کرتے ہوئے اگر ایک خاتون اپنے بالوں کو اس لیے رنگین کرتی ہے کہ اس کا شوہر اسے پسند کرتا ہے تو اس کی مثال وہی ہے جو اس سے قبل بالوں کی تراش کے بارے میں عرض کی گئی۔ آپ نے یہاں بھی شرعی پردے کا ذکر کیا ہے۔ جب تک ایک خاتون چہرے اور ہاتھ کے سوا تمام جسم ڈھانکے ہوئے ہے، وہ بہت سے کام اس وقت تک کرسکتی ہے جب تک اس کام کی ممانعت ثابت نہ ہوجائے۔ شریعت کا اصول ہے اصلاً ہر فعل مباح ہے جب تک اس کی حْرمت ثابت نہ ہو۔ یہاں پر یاد رکھیے اسلام میں حلال و حرام واضح ہیں لیکن بعض چیزیں انسان کی فطرت کا مطالبہ ہیں۔ ایک خاتون کی خوب صورتی کے اجزا میں اس کے بالوں کا لمبا ہونا مسلم دنیا میں ہی نہیں، قدیم ترین تہذیبوں کا حصہ رہا ہے لیکن اس بنا پر شدت کے ساتھ ایک موقف اختیار کرلینا بھی دین کی حکمت، مصلحت اور بصیرت سے مطابقت نہیں رکھتا۔

جہاں تک تعلق محاسبے کا ہے وہ تو کسی بھی ایسے موضوع پر کیا جاسکتا ہے جو آپ کے نزدیک معاشرتی یا تحریکی حقوق سے تعلق رکھتا ہو۔ اگر جس کا محاسبہ کیا جا رہا ہے وہ آپ کو اپنے جواب سے مطمئن کردے کہ آپ کا احتساب غلط تھا، تو آپ کو کشادگیِ قلب کے ساتھ اپنی غلطی کو مان لینا چاہیے۔ احتساب جب تک کیا جاتا رہے گا اْمت مسلمہ ان شاء اللہ صراط مستقیم پر رہے گی۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: بالوں کو

پڑھیں:

خدائی طاقت کے سامنے بے بس سپر طاقت

امریکا عصر حاضر کی واحد سپر پاور مگر بدقسمتی سے اس کی طاقت ہمیشہ ظلم اوردہشت گردی کے لیے استعمال ہوئی، انسانیت کے خلاف امریکی مظالم کی تاریخ دو چار برس کا قصہ نہیں، صدیوں پر محیط لمبی داستان ہے، روئے زمین کا ایسا کوئی گوشہ نہیں جہاں امریکی بربریت کے نشانات موجود نہ ہوں۔ امریکا کی مسلم دشمنی پر نظر ڈالیں تو ہسپانیہ سے لے کر عراق، عراق سے افغانستان، افغانستان سے شام، شام سے فلسطین تک لاکھوں مسلمانوں کی لاشیں امریکا کے ظلم و بربریت اور ظالموں کی پناہی کی ان گنت کہانیاں سنا رہی ہیں۔

افعانستان میں عبرت ناک شکست کے بعد سوویت یونین کے ٹکڑے ہونے سے امریکا بلا شرکت غیرے دنیا کی واحد سپر پاور بن گئی اور طاقت کے نشے میں بدمست امریکا نے عالمی قوانین اور انسانیت کو اپنے پاؤں تلے روندنا اپنا حق سمجھا ہے۔ گزشتہ چاردہائیوں سے اسے ٹکر دینے والا کوئی ملک سامنے نہیں آیا جو امریکی مظالم کے آگے مظلوموں کی ڈھال بن سکے اور وہ بد مست ہاتھی کی طرح پوری دنیا میں انسانیت کو روندتے ہوئے آگ اور خون کی ہولی کھیل کر دنیا پر جنگیں مسلط کرکے دہشت پھیلا رہا ہے، لگاتار پے در پے مظلوم اقوام کے خلاف اور ظالموں کے حق میں اقوام متحدہ سے من چاہے فیصلے لیے۔ عراق کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، افغانستان کو کھنڈرات میں تبدیل کیا۔

 شام میں لاشوں کے ڈھیر لگائے، دنیا بھر میں بالخصوص اسلامی دنیا میں جہاں موقع ملا دہشت و وحشت کا کھیل کھیلا۔ فلسطین کے مظلوم مسلمان اس کے ناجائز بغل بچے اسرائیل کی بربریت کی آگ میں جھلس رہے ہیں کیونکہ امریکا کے کاسہ لیس مسلم دنیا کے حکمرانوں کا اقتدار تک پہنچنے کا راستہ واشنگٹن سے ہوکر آتا ہے اور یہی ہمارا سب سے بڑا المیہ ہے۔ اس غلامی نے مسلم امہ کی سیاہ بختی میں مزید اضافہ کیا۔

ہم صدیوں سے خون آشامی کا شکار ہیں، لیکن نائن الیون کے بعد کی خون آشامی نے ماضی کی تمام خون آشامیوں کو اپنے لہو سے دھندلا کردیا ہے، ہر طرف خون ہی خون، ذلت و ہزیمت، بے آبروئی، بے چارگی، تباہی و بربادی اور آزمائشیں ہی آزمائشیں ہیں۔ ایسی ایسی آزمائشیں گزریں کہ مسلمانوں کو کہا گیا کہ کلمہ طیبہ سے دست بردار ہوجاؤ اور جان کی امان پاؤ، ذلت ایسی کہ مسلمانوں کو اسلام چھوڑنے پر مبارک باد دیتے تھے، بے آبروئی ایسی کہ زمین شق ہو کہ آسمان ٹوٹے۔ مسلمان صالح عورتیں جو اپنے خاندان کے نامحرموں سے بھی فاصلے اور پردے میں رہتی تھیں برہنہ سر و بے ردا، ننگے پاؤں پناہ کی تلاش میں بے سمت بھاگتی پھرتی تھیں۔ داڑھی اور ٹوپی جرم بنا دیا گیا تھا مگر میرا منتقم اللہ سب دیکھ رہا تھا۔

لمحہ موجود میں بھی امریکا کا یہ گھناؤنا کھیل بند نہیں ہوا۔ امریکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا اس وقت سب سے بڑا شکار مقدس سرزمین فلسطین ہے، جہاں ایک ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل بلا تفریق معصوم بچوں، خواتین، ضعیفوں اور نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے۔ امریکا اسرائیل کو ارض فلسطین کے باسیوں کے قتل عام کے لیے ابھارتا رہا اور ان پر برسانے کے لیے گولہ و بارود مہیا کرتا ہے، جہاں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھتی ہے اسے دبایا جاتا ہے، اقوام متحدہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم روکنے کے لیے جو فیصلے ہوتے ہیں انھیں ویٹو کا اختیاراستعمال کرکے روکتا ہے، اسرائیل نے گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران امریکی آشیر باد کی بدولت غزہ پر اپنے طیاروں کے ذریعے آگ کے گولے برسائے، انسانی بستیاں، اسکول، اسپتال، پناہ گزین کیمپ صیہونی فوجیوں نے غزہ میں کچھ بھی نہیں چھوڑا۔ لاشوں کے ڈھیر لگا دیے، اسرائیلی بربریت کا شکار بن کر اب تک 70 ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں، لاکھوں معذور ہوگئے ہیں، غزہ چٹیل میدان کا منظر پیش کررہا ہے، کوئی عمارت سلامت نہیں۔ میرے کانوں میں اس مظلوم فلسطینی بچی کا شکوہ گونج رہا ہے جو کہتی تھی "اوپر جاکر اپنے رب سے مسلم امہ کے حکمرانوں کی شکایت کرونگی اور اپنے رب کو سب کچھ بتاؤں گی"۔

اس کی اس پکار کے باوجود ظالم اسرائیل ظلم ڈھاتا رہا اور مسلم امہ کے حکمران سوتے رہے۔ امریکا اور اس کی سرپرستی میں ہونے والے ان مظالم کو دیکھتا ہوں تو مایوسی کی طرف بڑھنے لگتا ہوں لیکن قرآن کریم مایوسی کی جانب بڑھتے ہوئے میرے قدموں کو روک لیتا تھا۔ سورہ ابراہیم کی آیت نمبر 52 میں ارشاد فرمایا گیا کہ "اور ہرگزاللہ کو بے خبر نہ جاننا ظالموں کے کام سے انھیں ڈھیل نہیں دے رہا ہے مگر ایسے دن کے لیے جس میں آنکھیں کْھلی کی کْھلی رہ جائیں گی"۔ پھر سورۃ البروج کی آیت نمبر 22 میرے حوصلے کو بڑھاتی رہی، جس میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ "بے شک تیرے رب کی پکڑ بہت سخت ہے"۔ بحیثیت مسلمان قرآن کریم کے ایک ایک لفظ پر میرا ایمان کامل ہے کہ اللہ رب العزت کا ہر وعدہ سچا اور ہر بات ضرور پوری ہوگی لیکن جب میں نے گزشتہ ہفتے امریکا کے ترقی یافتہ ترین شہر لاس اینجلس کو قدرتی طور پر لگنے والی بھانک آگ میں جلتے ہوئے دیکھا تو میرا یہ یقین مزید پختہ ہو گیا۔

مجھے قطعی طور پر اس بھیانک آگ کی تباہ کاریوں سے خوشی نہیں، میں اسے اللہ کے عذاب کی صورت میں دیکھ رہا ہوں، جو قہر بن کر ظالم امریکا پر ٹوٹ پڑا اور اس میں عقل والوں کے لیے واضح نشانیاں ہیں۔ لاس اینجلس میں منگل سے لگی بدترین آگ پر کئی روز تک قابو نہ پایا جاسکا درجنوں لوگ اس آگ کی لپیٹ میں آکر موت کی آغوش میں جاچکے ہیں۔ تاوقت تحریر 55 ہزار ایکڑ رقبہ اس بھیانک آگ کی لپیٹ میں آچکا ہے، آگ میں ہالی ووڈ اداکاروں کے پرتعیش گھروں سمیت 12 ہزار سے زائد بنگلے، کوٹھیاں، پلازے، بلند آہنگ عمارتیں خاکستر ہوچکے ہیں، دو لاکھ سے زائد امریکی شہری نقل مکانی کرچکے ہیں، مزید علاقے خالی کرانے کے اعلانات ہورہے ہیں، لوٹ مار کی وارداتیں جاری ہیں، جنھیں روکنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں کرفیونانذ کرنا پڑا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اب تک نقصان 150 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔

سپر پاور امریکا کی طاقت اور حوصلہ جواب دے چکی ہے، اس کی ساری ٹیکنالوجی دھری کی دھری رہ گئی، آگ بجھانے والا واٹر سسٹم بھی ناکام ہوگیا، فائر فائٹرز کم پڑگئے، لوگ اپنے گھر جلتے دیکھتے رہ گئے، امریکی انتظامیہ مدد کرنے سے قاصر ہے، آگ کو بجھانے کے لیے ہمسایہ اور اتحادی ممالک بھی امریکا کی مدد کو پہنچ چکے ہیں، 12 ہزار فائرفائٹرز، 1100 سے زائد فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔ پینٹاگون کے500 اہلکار اور 10 نیوی ہیلی کاپٹر بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے، جیسے جیسے آگ بجھانے کی کوششیں تیز ہورہی تھیں ویسے ویسے اللہ ہوا کو تیز کررہا تھا جس سے آگ مزید خوفناک طریقے سے پھیلتی جارہی تھی۔ ایک ویڈیو میں آگ بجھانے کے لیے پانی لے جانے والا جہاز ابھی اڑا ہی تھا کہ گر کر آگ کے شعلے میں بدل کر تباہ ہوگیا۔

امریکی نیوز چینل کے لائیو شو میں آسکر ایوارڈ کے لیے 2 بار نامزد ہونے والے اور 3 ایمی ایوارڈز کے فاتح ہالی ووڈ کے اداکار جیمز ووڈ اس وقت پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے جب وہ اپنے عالیشان گھر کے جلنے کی داستان سنا رہے تھے۔ یہ وہی امریکی اداکار ہیں جس نے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ۔فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیلی درندوں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ جیمزووڈ نے اُس وقت اپنی ٹوئٹس میں لکھا تھا کہ "ان سب کو مار ڈالو، شاباش نیتن یاہو، آپ نے امریکی کٹھ پتلیوں کی ایک نہ سنی۔ غزہ پر حملے جاری رکھیں"۔ آگ کی وجوہات، اسباب اور محرکات جاننے کے لیے ماہرین کی ٹیمیں تحقیقات میں مصروف ہیں، وہ اپنی جو بھی رپورٹیں دیں، میری نظر میں یہ منتقم اللہ کا انتقام اور میرے رب کی پکڑ ہے۔

عقلمندوں کے لیے اس میں واضح نشانیاں اور عبرت کے ہزار رنگ موجود ہیں۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک تقریر میں شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی نے کہا تھا "امریکا سپر پاور ہے لیکن خدائی اس کے پاس نہیں ہے"۔ آج امریکا اور اسرائیل سمیت دنیا کے ہر جابر کو یقین ہو جانا چاہیے کہ خدائی صرف اللہ رب العزت کی ہے دنیا کی تمام طاقتیں اور امریکا جیسی سو سپر طاقتیں مل کر بھی رب العالمین کی طاقت کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔

متعلقہ مضامین

  • سیما اور بچوں کو حوالے کیا جائے، ایک بار پھر پاکستانی شوہر کی بھارتی وزیر جے شنکر سے اپیل
  • گوجرانوالہ: دوسری شادی پر بیوی نے بیٹے سے مل کر شوہر کو قتل کردیا
  • گوجرانوالہ: خرچہ نہ دینے پر بیوی نے بیٹے کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا
  • اِنَّ بَطشَ رَبِّکَ لَشَدِید
  • خلع کاطریقہ
  • پشاور: بیوی کے مبینہ قتل کے الزام میں شوہر گرفتار
  • ’رنگ کالا، انگریزی آتی نہیں‘، شوہر کے طعنوں سے تنگ نوجوان لڑکی نے خودکشی کرلی
  • خشکی ،سکری اور بالجھڑ
  • خدائی طاقت کے سامنے بے بس سپر طاقت