آئی سی سی چمپئنز ٹرافی دوبارہ پاکستان آئے گی
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ٹیموں سے پہلے ورلڈ ٹور کے بعد رواں ماہ ٹرافی ایک بارپھر پاکستان آرہی ہے۔ ٹرافی اب فائنل تک پاکستان میں ہی رہے گی۔ورلڈ ٹرافی ٹور کے پہلے مرحلے میں آئی سی سی ٹرافی کو لاہور نہیں لا یا گیا۔ نومبر میں پاکستان کے ٹرافی ٹور میں اس کی اسلام آباد، مری، ایبٹ آباد، نتھیاگلی،ٹیکسلا اور کراچی میں نمائش کی گئی تھی۔اس بار ٹرافی کو لاہور اور پنجاب کے دوسرے مقامات پر لے جایا جائے گا ۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی:چیمپئنز ٹرافی کیلیے خصوصی انتظامات
کراچی: شہرقائد کی انتظامیہ نے چیمپئنز ٹرافی2025 کو یادگار اور کامیاب بنانے کے لیے ہر سطح پر تیاریاں شروع کردی ہیں۔
یاد رہے کہ میگا ایونٹ کی ابتدائی تقریب اور 3میچز کراچی میں ہوں گے، جن کے لیے فول پروف سیکورٹی اور خصوصی سہولیات کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جمعہ کے روز کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اداروں نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیڈیم آنے جانے کے راستوں کو خوبصورت بنانے کے لیے سجایا جائے گا جب کہ پارکنگ کے لیے خصوصی مقامات مختص کیے جائیں گے اور وہاں سے شٹل سروس کے ذریعے شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کا بندوبست کیا جائے گا۔
ایونٹ کے سلسلے میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں پولیس، رینجرز، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈز، کے الیکٹرک اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی19 فروری سے شروع اور 9 مارچ کو ختم ہوگی۔ میگا ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، اور بنگلا دیش جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقا، آسٹریلیا، افغانستان، اور انگلینڈ شامل ہیں۔
افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ہوگا جب کہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ کراچی انتظامیہ نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کو شہریوں کے لیے آسان اور پرجوش بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔