چیلنج کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کا ذرائع آمدن بتا دیں: عطاء تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ — فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) کوچیلنج کر دیا۔
عطاء تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ میں پوری پی ٹی آئی کو چیلنج کرتا ہوں کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے ذرائع آمدن بتا دیں، ذرائع آمدن نہیں تو لاہور میں 25 کروڑ روپے کا گھر کیسے بن گیا؟
اُنہوں نے کہا کہ ایک شخص کو 80 سے 90 ارب روپے کا فائدہ دیا گیا، پی ٹی آئی دورِ حکومت میں کابینہ سے بند لفافے کی منظوری دی گئی، کابینہ کے بند لفافے کے بعد جرمانہ سیٹل کر کے عمران خان نے اربوں روپے کمائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہ آپس میں ایک دوسرے کے گریبان پکڑے ہوئے ہیں، انہوں نے کسی وزارت کو مسنگ پرسنز سے متعلق کوئی درخواست دی ہے؟
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے، بانیٔ پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کے ہاتھ کرپشن میں رنگے ہوئے ہیں، ہم انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے جو کیا ہے وہ بھگتنا بھی پڑے گا، مذاکرات کا عمل اچھے طریقے سے جاری ہے لیکن میگا کرپشن اسکینڈل پر کوئی بات نہیں ہو سکتی، مذاکرات کا یہ تاثر نہ لیا جائے کہ اربوں روپے کی کرپشن پر پردہ ڈال دیا جائے گا، کرپشن کیسز کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ 190 ملین پاﺅنڈ کیس ٹرائل کورٹ میں چل رہا ہے، ناقابلِ تردید ثبوت فراہم کر دیے گئے ہیں، کرپشن کیسز کا جواب دینا ہو گا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اقتصادی محاذ پر سپہ سالار کا کردار لائقِ تحسین ہے، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: عطاء تارڑ پی ٹی آئی نے کہا کہ تارڑ نے
پڑھیں:
اعظم سواتی کی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں،سلمان اکرم راجا
اگر کوئی سوچ رہا ہے کہ ہم کسی پتلی گلی سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو ایسا نہیں ہے
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی تاکہ ابہام پیدا ہو، میڈیا سے گفتگو
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر اعظم سواتی کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کی باتوں کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔لاہور کی اے ٹی سی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ملک کی بالادستی چاہتے ہیں، یہ سب ہمارا نصب العین ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بات آگے بڑھتی ہے تو ٹھیک ہے ، اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ ہم کسی پتلی گلی سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو ایسا نہیں ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوگی تو صورت حال واضح ہوگی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسی لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی تاکہ ابہام پیدا ہو، ملاقات کے بعد پتا چلے گا کہ انہوں نے کسی کو مذکرات کا کہا ہے یا نہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ سے ڈیل کی بات میرے علم میں نہیں ہے ، اعظم سواتی اپنے طور پر کہہ رہے ہیں، جب تک بانی پی ٹی آئی سے اس حوالے سے بات نہیں ہوتی تب تک میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔