فیصل آباد ،پریم یونین کا نجکاری کیخلاف تحریک چلانے کااعلان
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )ریلوے پریم یونین نے حکومت کی طرف سے ریلوے کی نجکاری کے متوقع فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف ” ریلوے کی نجکاری، ملک سے غداری ” کے سلوگن کے تحت بھرپواحتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ۔ اس امرکافیصلہ پریم یونین کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں کیاگیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پریم یونین کے چیئرمین ضیا الدین انصاری، صدر شیخ محمد انور، سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو ، نائب صدر عبدالقیوم اعوان،چیف آرگنائزر خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ پہلے مرحلہ میں ملک بھر میں پوسٹرزاور پینڈ بل کے ذریعے ریلوے ملازمین اور عام پاکستانی شہری کو آگاہی اور منظم کرنے کا عمل شروع کردیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے،منظم سازش کے تحت ریلوے کو بھی اسٹیل مل اور پی آئی اے بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ، وزارت ریلوے کی نااہلی کی وجہ سے ریلوے انتظامیہ حکومت کو ریلوے کاکیس صحیح طریقہ سے پیش نہیں کرسکی جس کی وجہ سے حکومت نے ریلوے کو نان ایسینشل کیٹگری میں ڈال دیاہے۔وزیراعظم سے اپیل ہے اس فیصلہ پردوبارہ نظرثانی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کی کھربوں روپے کے اثاثہ جات کو لوٹنے کی تیاری کی جارہی ہے، ریلوے قومی وحدت کا ادارہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر ریلوے نے 88 ارب سے زائد ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو پچھلے مالی سال سے 40 فیصد زائدآمدن ہے ۔ ریلوے کو مالی سال کے آغاز میں حکومت سے 73 ارب آمدن کا ٹارگٹ ملا تھا۔ اتنے منافع بخش ادارے کی نجکاری ملک کی سالمیت کے خلاف سازش ہے ۔رہنمائوںنے کہاکہ پاکستان کے سب سے بڑے رفاعی و فلاحی ادارے کی نجکاری ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے ، کسی مائی کے لال کو ریلوے کی نجکاری کی اجازت نہیں دیں گے،ایک لاکھ ریلوے ملازمین اورپچیس کروڑعوام کی سستی سواری کی نجکاری کرکے عوام کو ذہنی اذیت سے دو چار کیا جارہاہے، ملازمین ریلوے کو بچانے کے لیے اپنا خون بہا دیں گے مگر کسی کو بھی نجکاری کے نام پر ریلوے کی لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔پریم یونین نے حافظ سلمان بٹ مرحوم کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے حقوق کی جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا اسے ہر حالت میں جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کو پرائیویٹائز کرنے کے بجائے مزدوروں کے حوالے کردیا جائے،کسی بھی پرائیوٹ کمپنی سے زیادہ منافع فراہم کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ نئے پنشن اور گریجویٹی کے قانون کو ختم کرکے پرانانظام ہی بحال کیاجائے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پریم یونین کی نجکاری نے کہاکہ ریلوے کی انہوں نے
پڑھیں:
پاکستان کا یوکرین جنگ جلد ختم کرنے کا مطالبہ
نیویارک: پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں شہریوں کا جانی و دیگر نقصان بہت زیادہ ہے۔
زرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل میں یوکرین جنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس اس حوالے سے اہم موقعے پر ہو رہا ہے کہ یوکرین کی جنگ کو تین سال پورے ہونے والے ہیں اور عالمی ادارے کی انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور روزمیری ڈی کارلو کی سلامتی کونسل کو بریفنگ کے مطابق اس میں مسلسل شدت ا رہی ہے جو تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس جنگ میں شہریوں کا بڑے پیمانے پر جانی و دیگر نقصان ہورہاہے، اس کے علاوہ بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان ہوا ۔
پاکستانی مندوب نے خبردار کیاکہ جنگ کی شدت میں اضافہ موجودہ بحران کو مزید بڑھا دیگا، ہمیں جنگ کے جلد خاتمے اور ایک ایسے حل کی ضرورت ہے جو پائیدار اور دیرپا امن قائم کر سکے۔
عثمان جدون نے کہا کہ یوکرین جنگ کے مسئلے کا حل میدان جنگ میں نہیں بلکہ بات چیت اور مذاکرات میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ بجائے اس کے کہ تنازعے کو مزید ہوا دی جائے ،پاکستان اس تنازعے کے خاتمے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
قبل ازیں سلامتی کونسل کو بریفنگ میں اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور روزمیری ڈی کارلو نے بتایا کہ سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ 2024میں یوکرین جنگ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ہلاک اور زخمی ہونے والے شہریوں کی کل تعداد 2023کے مقابلے میں 30فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایاکہ صرف گزشتہ دو ہفتوں میں جنگ کے باعث بچوں سمیت 1,600سے زیادہ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ۔
ا نہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ نے شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کی واضح طور پر مذمت کی اور انہیں بند کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ یوکرین کے مشرق اور جنوب میں شدید لڑائی جاری ہے، روس کے علاقے کرسک میں جھڑپیں جاری ہیں اور اقوام متحدہ کو سرحد کے دونوں جانب جنگ سے نقصانات اور تباہی پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے باعث متاثرہ افراد کے لئے امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ نے اس سال تقریباً 60لاکھ افراد کی مدد کیلئے 2.6بلین ڈالر کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کیلئے بین الاقوامی برادری کی جانب سے مکمل حمایت کی ضرورت ہے۔