سندھ کا شعور حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیگا، سندھ ہاری کمیٹی
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہاری کمیٹی کی جانب سے ہاری تحریک کے رہنما کامریڈ رمضان خاصخیلی کی تیسری برسی کے موقع پر پریس کلب میں پانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہاری تحریک کے رہنما کامریڈ رمضان خاصخیلی کی جانب سے ہاری حقوق کے لیے کی جانے والی جدوجہد پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سندھ ہاری کمیٹی کے مرکزی صدر کامریڈ ثمر حیدر جتوئی نے پانی کانفرنس سے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سندھ کا شعور اپنے حقوق پر کبھی ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا، سندھ کے 7 کروڑ عوام 6 کینال کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ جئے سندھ قومی پارٹی کے سربراہ نواز خان زئنور نے کہا کہ کامریڈ رمضان خاصخیلی نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ایسے کرداروں کو نا صرف یاد رکھنا چاہیے بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کامریڈ رمضان خاصخیلی درویش صفت انسان تھے، وہ اپنی تمام عمر کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ بیٹھے رہے۔ عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی رہنما کامریڈ بخشل تھلو نے کہا کہ سندہاری کمیٹی کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں جس نے اپنے ساتھی ہاری رہنما کامریڈ رمضان خاصخیلی کی تیسری برسی کو پانی کانفرنس کی روایت میں تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سے سندھو دریا چھین لیا گیا تو پھر ہمارے پاس کچھ نہیں بچے گا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: رہنما کامریڈ نے کہا کہ
پڑھیں:
حیدرآباد ، مرکزی مسلم لیگ کی سندھ حقوق مارچ کی تیاریاں عروج پر
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے 25 سے 28 جنوری تک شروع ہونے والے حقوق سندھ مارچ کی تیاری کے لیے حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام اضلاع، تحصیلوں، گائوں، بستیوں میں بھر پور تشہیری مہم زور و شور سے جاری ہے، مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے شہر کے مختلف علاقوں کی اہم شاہراہوں اور اہم پوائنٹسں پر تشہیری مہم کے لیے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے ہیں، جبکہ گلیوں کو چوں سندھ بھر کی بستیوں میں بھی اشتہارات لگائے جا رہے ہیں جس میں لوگوں کو مارچ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن کے صدر عقیل احمد نے کہا کہ ہمارے کارکنان دن رات محنت مشقت کے ساتھ شہر بھر میں بھر پور تشہیری مہم چلا کر لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانے کی کو ششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان حیدرآباد سندھ کو مارچ میں شرکت کی بھرپور دعوت دی جارہی ہے، مارچ میں سندھ بھر کے عوام شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں عقیل احمد نے حیدرآباد شہر بھر کا دورہ کیا اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں، انہیں اس حقوق مارچ میں شرکت کی دعوت بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا اگر آج عوام ان نا اہل حکمرانوں کو آئینہ نہیں دکھائیں گے تو سندھ بھی کھنڈرات کا نقشہ پیش کرے گا، آج سندھ کی بستیاں اُجڑے چمن کا منظر نامہ پیش کر رہی ہیں، عوام اگر اب بھی بیدار نہ ہوئے اور عوامی حقوق کو فراموش کرنے والے حکمرانوں سے احتساب چاہتے ہیں جو پچھلی کئی دہائیوں سے عوام پر مسلط ہیں تو اپنے ذاتی، لسانی اور ہر قسم کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے مارچ میں ہمارا ساتھ دیں۔ عقیل احمد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے عوام کے ٹیکسوں پر عیاشی کرنے والے حکمرانوں کو گھر بھیجا جائے اور ان کی جگہ اہل لوگوں کو موقع دیا جائے جو عوام کا درد رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا مرکزی مسلم لیگ عوام کی خدمت کرنے والی جماعت ہے اور ہمارے مختلف فلاحی کام اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔