آئی سی سی رینکنگ، کئی ماہ سے نہ کھیلنے والے فخر زمان پر قسمت مہربان ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی رینکنگ جاری کردی جس میں فخر زمان نے سائیڈ لائن ہونے کے باوجود ایک درجہ ترقی کرلی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق کئی ماہ سے ایکشن میں نظر نہ آنے کے باوجود فخر زمان 623 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے 17ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں امام الحق، محمد رضوان اور صائم ایوب نے اپنی پوزیشنز برقرار رکھی اور بالترتیب 20، 22 ، 23ویں نمبر پر رہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل
ایک روزہ میچ کی بات کی جائے تو رینکنگ میں بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر روہت شرما ، شبھمن گل براجمان ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ میں حارث رؤف 585 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں نمبر پر آئے جبکہ نسیم شاہ ترقی کے بعد 50ویں، وسیم جونیئر دو درجے ترقی کے بعد 59ویں پوزیشن پر آگئے۔محمد نواز 72ویں نمبر پر بدستور موجود ہیں۔
شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ اُن کی جگہ سری لنکا کے مہیش تھیکشانا نے لے لیا۔
افغانستان کے راشد خان اور بھارت کے کلدیپ یادوو بدستور پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں۔
ٹی 20 رینکنگ
ٹی ٹوینٹی میں بابر اعظم 6 درجہ ترقی کے بعد اپنے ساتھی اور وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے جبکہ صائم ایوب کی 57ویں پوزیشن برقرار رہی۔
رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹراوس ہیڈ پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے جبکہ بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر رہے۔
ٹی 20 رینکنگ میں شاہین آفریدی ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ حارث رؤف اور عباس آفریدی تنزلی کے بعد 29 ، 44 نمبر پر آگئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ترقی کے بعد
پڑھیں:
کراچی؛ سوزوکی پک اپ اور کار کے درمیان تصادم، ایک شخص جاں بحق 18 زخمی
کراچی:ڈیفنس مین کورنگی روڈ قیوم آباد جانے والے ٹریک پر فیز ون گولڈ مارک کے قریب سوزوکی پک اپ اور کار کے درمیان تصادم میں دونوں گاڑیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈیفنس پولیس اور ریسکیو کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ایدھی و چھیپا کی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال لیجایا گیا، زخمی ہونے والے آپس میں رشتے دار بتائے جارہے ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی 28 سالہ حماد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ زخمیوں کی شناخت 5 سالہ شایانہ ، 40 سالہ سرفراز ، 23 سالہ شینا ، 27 سالہ سمرا ، 50 سالہ عبدالسلام ، 23 سالہ شکیل ، 45 سالہ سید امام الدین ، 36 سالہ ریاض ، 8 سالہ نبیلہ ، 9 سالہ سمیر ، 4 سالہ منتہا ، 30 سالہ افشاں ، 3 سالہ انشال ، 6 سالہ رحیم شاہ ، 5 سالہ شاہزیب ، 30 سالہ ریاض اور 60 سالہ زلیخا کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او ڈیفنس عدیل افضال نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے 17 افراد سوزوکی پک اپ میں سوار تھے جو کہ خدا داد کالونی سے کورنگی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے جبکہ حادثے میں سیاہ رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے تاہم اس کا ڈرائیور سامنے نہیں آیا ہے۔
پولیس نے دونوں گاڑیوں کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔