ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سے بنگلا دیشی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
فوٹو آئی ایس پی آر
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بنگلا دیشی فوج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے ایئر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے مشترکہ تربیتی اقدامات سے دونوں افواج میں شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے مشترکہ تربیت اور تعاون کی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں، ٹیکنالوجی و مقامی طور پر تیار تکنیکی فریم ورک کو سراہا اور جدید فوجی ہارڈویئر اور جے ایف17 تھنڈر لڑاکا طیاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن ا ئی ایس پی ا ر
پڑھیں:
بنگلہ دیشی افواج کے پرنسپل سٹاف افسر کی سیکرٹری دفاع سے ملاقات، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر کا دورہ پاکستان جاری ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی سے ملاقات کی۔ سیکرٹری دفاع محمد علی نے معزز مہمان قمر الحسن کا پرتپاک استقبال کیا۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن بنگلہ دیشی فوج کے پرنسپل سٹاف افسر نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے معزز مہمان کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار اور لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا، جہاں متعدد سیٹلائٹ فیڈز، سافٹ ویئر ایپلی کیشنز، اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا بھر پور انداز میں فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔