شہریوں کو ایندھن سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لئے حکومت کا بڑا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
اسلام آباد:شہریوں کو ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق۱ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے اور ایندھن والی گاڑیوں کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے جن کا تعلق عوام سے ہوتا ہے، ہم آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ اس سال گردشی قرضے میں 12 ارب کی کمی کی ہے۔ ڈسٹریبیوشن کمپنیز نے پچھلےسال 240 ارب کا نقصان کیا جو ہم نے اس سال 170 ارب سے بڑھنے نہیں دیا۔یہ بورڈز کے غیر سیاسی اور بہتر گورننس ہونے کا 53 ارب روپے کا فائدہ ہے جو پہلے 5 ماہ میں قوم کو ملا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے لیے ہر جگہ پر چارجنگ اسٹیشنز نہیں ہیں، اس نئے کاروبار کی حوصلہ افزائی اور شہریوں کو سستا متبادل فراہم کرنے کے لیے حکومت چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کررہی ہے۔ الیکٹرک موٹر سائیکل پر منتقل ہونے سے 77 فی صد تک کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل کے لیے 15 دن کے اندر پورٹل سے اجازت نامہ مل جائے گا، اس سلسلے میں کسی افسر سے بات نہیں کرنی پڑے گی ۔ اسی طرح بجلی کی قیمت 71 روپے سے کم کرکے 39 روہے پر لائی جا رہی ہے۔
اویس احمد لغاری کا کہنا تھا کہ کل ہم نے ایک بہت بڑا فیصلہ کیا۔ صنعت کار شکایات کرتے ہیں کہ آپ کا ایکس سی این، چیف انجینئر یا دیگر حکام لوڈ بڑھانے یا نئے کنکشنز اور بلنگ کے معاملات میں ہمیں تنگ کرتے ہیں۔ ہمیں ان مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو آپریشن چاپیے، جس پر وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں فیصلہ کیا، جس کے تحت تمام انڈسٹریل اسٹیٹس بشمول اسپیشل اکنامک زونز سب کو ایک ہی جگہ پر بجلی ملے گی، وہاں جو بھی بلنگ اور کنکشنز کے مسائل ہوں گے، وہ سب ایک ہی جگہ پر حل ہوں گے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
چھوٹی گاڑیوں کی الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقلی کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی تجویز
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے چھوٹی گاڑیوں کی الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی تجویز دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے اسلام آباد میں ملاقات کی جبکہ ملاقات کے دوران پاور سیکٹر کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس موقع پروفاقی وزیر توانائی نے فرانسیسی سفیر کو بتایا کہ پاکستان نے ای وی پالیسی متعارف کردی ہے جو سالانہ 6 بلین ڈالر کے ایندھن کی بچت اور ماحول کی حفاظت یقینی بنائے گی۔
فرانسیسی سفیرنے پاکستان کے پاور سیکٹر کی آئی پی پیز کے ساتھ مؤثر مذاکرات اور معاہدوں کی خوش اسلوبی سے نظر ثانی کی تعریف کی۔
سرداراویس لغاری نے کہا کہ حکومت پاکستان جلد بجلی کی وِیلنگ پالیسی متعارف کروا رہی ہے، اضافی بجلی کی نیلامی کا بھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے، غیر جانبدار بورڈز ریکوری میں بہتری اور لائن لاسز کو کم کر رہے ہیں، حکومت شمسی توانائی کو فروغ دے رہی ہے اور پاکستان میں سولر انقلاب آ چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان تمام اصلاحات بہت شفاف طریقے سے کر رہی ہے، ان اصلاحات کی بدولت پاور سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، پاکستان قابل تجدید توانائی اور سبز منصوبوں میں نمایاں پیشرفت کر رہا ہے۔
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانس پاور سیکٹر کی تمام اصلاحات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، فرانس ای وی اور دوسری اصلاحات کو مالی معاونت فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔