لاہور سمیت پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں ،23خطرناک دہشت گرد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی کی جانب سے پنجاب کے مختلف شہروں میں 200 آئی بی اوز آپریشن کیے گئے جن میں 23 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، جہلم، سیالکوٹ، راولپنڈی، گجرات، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد میں کی گئیں، لاہور سے7 خطرناک دہشت گرد اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتار کئے گئے ، دہشت گردوں سے لاہور کے ایک اہم تعلیمی ادارے کے نقشے بھی برآمد ہوئے ۔ترجمان نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت عبدالرزاق، محمد اسماعیل، وجاہت علی، یوسف رضا، نسیم اللہ، نذر اللہ، ابوبکر، طارق، نسیم زمان، شاہد نواز کے نام سے ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، رواں ہفتے میں 9471 کومبنگ آپریشنز کے دوران 1033 مشتبہ افراد گرفتار کئے ، کومبنگ آپریشنز میں 21708 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سی ٹی ڈی
پڑھیں:
لوئر کرم میں حکومت کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
کرم /پشاور/پارا چنار( صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے ضم ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا ۔ڈپٹی کمشنر ضلع کرم گوہر زمان وزیر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق لوئر کرم میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور متاثرین کے لیے ٹل اور ہنگو میں ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کے لیے صوبائی ریلیف کو خط بھیج دیا گیا ہے، آپریشن سے متاثر ہونے والے شہریوں کے لیے ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو1122 اور عدالت کی عمارت میں کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہنگو ضلع کرم کے بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ضلع کرم میں کرفیو نافذ کرکے سیکورٹی فورسز نے پوزیشن سنبھال لی اورعلاقے میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے گشت بھی کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیںگزشتہ روز کرم میں قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 3 ڈرائیورز بھی جاں بحق ہوئے جبکہ بعد ازاں لاپتا ہونے والے5 ڈرائیورز میں سے 4 کی لاشیں بھی مل گئیں جس کے بعد شہید ہونے والے ڈرائیورز کی تعداد 7 ہو گئی ہے‘سیکورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہا۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز حملے کے بعد ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد جلایا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوکت علی کے مطابق حملے سے قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تیسرے قافلے کے پہلے مرحلے میں 35 مال بردار گاڑیاں روانہ کی گئی تھیں جن میں دوائیں، سبزیاں، پھل اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں شامل تھیں جبکہ قافلے کی سیکورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔ کرم میں گزشتہ روز دہشت گرد حملے کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی، بنکر مسمار کرنے کا آپریشن وقتی طور پر معطل کر دیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ روز2 بنکرز میں بارودی مواد نصب کر دیا گیا تھا اور گزشتہ روز10 بنکروں کو مسمار کیا جانا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور حکومت معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے کرم میں موجود ہے۔