شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
راولپنڈی:
شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 اور 15 جنوری کی شب سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
صدر مملکت اور وزیر اعظم کا شمالی وزیرستان میں کاروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں کاروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔
زرائع کے مطابق اپنے بیان میں صدر مملکت نے انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران 4 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں چار خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔
انہوںنے کہاکہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لیے پر عزم ہیں۔