فتنے کا حصہ بننے کی بجائے ترقی پسند یوتھ کی امیدیں مریم نواز سے وابستہ: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ کابینہ میں پنجاب کے نوجوانوں کیلئے اپنی نوعیت کی پنجاب فنانس کاروبار کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بغیر لیز کے سرکاری زمین اور بلا سود 3 کروڑ تک قرضہ فراہم کرے گی۔ کسی بھی فتنہ کا حصہ بننے کی بجائے پاکستان کی ترقی پسند یوتھ اس وقت مریم نواز سے امیدیں وابستہ کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت ایک لاکھ کے قریب چھوٹے اور درمیانے درجے کے سٹارٹ اپ شروع کرے گی۔ مریم نواز جو کام پنجاب کے نوجوانوں کیلئے کررہی ہے، دوسرے صوبوں کے نوجوان بھی اس کی خواہش کررہے ہیں۔ طلبہ کیلئے لیپ ٹاپس کی تعداد چالیس ہزار تک بڑھائی جا رہی ہے۔ سیکنڈ اور تھرڈ ائیر کے بچوں کو بھی ہونہار سکالر شپ سے فیسیں دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی اقلیتوں کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ سکھ میرج ایکٹ کے بعد کابینہ نے ہندو سکھ میرج ایکٹ کی منظوری دیدی ہے جو پنجاب بھر میں لاگو ہوگا۔ دو سے تین دن میں اٹھائیس الیکٹرک بسیں لاہور کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ ہم بسوں کیلئے چارج سٹیشن بنائیں گے اور ڈبل ڈیکر بسوں کیلئے نئے ڈپو قائم کئے جائیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
جماعت اسلامی بلوچستان کا نوجوانوں کا جرگہ بلانے کا فیصلہ
جے آئی یوتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماء مرتضیٰ کاکڑ نے کہا کہ 25 مئی کو بلوچستان کے نوجوانوں کا گرینڈ یوتھ جرگہ ہوگا۔ صوبہ بھر سے نوجوانوں کو بلا کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو متحرک کرکے حقوق کے حصول اور ظلم و جبر کے خلاف تحریک کو منظم و فعال بنائیں گے۔ 25 مئی کو بلوچستان کے نوجوانوں کا گرینڈ یوتھ جرگہ ہوگا۔ صوبہ بھر سے نوجوانوں کو بلا کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ حقوق کے حصول کیلئے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ بورڈ کے صوبائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ خان نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنے اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا گیا۔ حکمرانوں کے پاس ان نوجوانوں کو حقوق، انصاف اور روزگار دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ جماعت اسلامی یوتھ کے پلیٹ فارم سے ان سب نوجوانوں کو متحرک و فعال بناکر منظم جدوجہد کریں گے۔ بلوچستان سے غربت، بے روزگاری اور بدامنی کا خاتمہ صرف دین دار، دیانت دار، باہمت نوجوان ہی کر سکتے ہیں۔