حیدرآباد ،شاہ لطیف میونسپل ٹائون کے ملازمین کا احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ٹائون میونسپل کارپوریشن شاہ لطیف آباد ٹائون ورکرز فرنٹ کی جانب سے ٹائون شاہ لطیف آبادکے ملازمین نے ٹائون میں میونسپل کمشنر تعینات نہ کیے جانے کے سبب ملازمین کی تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف ٹائون آفس سے ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت یونین ورکرز فرنٹ ایچ ایم سی کے جنرل سیکرٹری عارف شیخ اور شاہ لطیف ٹائون کے صدر جاوید قریشی، سینئر نائب صدر محمد راشد، امجد حسین اور ندیم گلزار سمیت دیگر کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹائون شاہ لطیف آباد میں گزشتہ کئی ماہ سے میونسپل کمشنر کی سیٹ خالی ہے اور یہاں میونسپل کمشنر تعینات نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں اور گزشتہ 25 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر بھی مسیحی ملازمین کو تنخواہیں جاری نہیں کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہیں نہ ملنے کے سبب ملازمین پریشانی کا شکار اور ملازمین کے روز مرہ کے اُمور متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات اور چیف سیکرٹری سمیت سیکرٹری بلدیات سے اپیل کی کہ ٹائون شاہ لطیف آباد میں میونسل کمشنر تعینات کر کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کی جائیں تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کا خاتمہ ہو سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: شاہ لطیف ا باد
پڑھیں: