والد مسیحی، والدہ سکھ، بھائی مسلمان اور بیوی ہندو : بھارتی اداکار کی عجیب کہانی
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
MUMBI:
بالی وڈ کے باصلاحیت اداکار وکرانت میسی کی کہانی کسی فلمی پلاٹ سے کم نہیں، جنہوں نے2007 میں ٹی وی شو دھوم مچاؤ دھوم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بالیکا ودھو جیسے مشہور شوز کے ذریعے بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی۔
وکرانت میسی12-2011 تک ٹی وی کی دنیا میں ایک مقبول نام بن چکے تھے اور ماہانہ 35 لاکھ روپے کمانے لگے تھے۔
تاہم، وکرانت نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ لیا اور فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے ٹی وی کو خیرآباد کہا۔
ان کا کہنا تھا، "میرے والدین حیران رہ گئے جب میں نے انہیں بتایا کہ میں فلموں میں اپنی نئی شروعات کرنے جا رہا ہوں"۔
فلموں میں ان کے ابتدائی دنوں میں انہیں معمولی کردار ملے، جیسے لٹیرا (2013) اور دل دھڑکنے دو (2015) تاہم انہیں بڑی کامیابی 2017 میں فلم اے ڈیتھ ان دا گنج سے ملی، جس کے بعد ان کے لیے کامیابی کے دروازے کھل گئے۔
وکرانت نے چھپاک (2020)، حسین دلربا (2021) اور ویب سیریز مرزا پور میں اپنی اداکاری سے خوب داد وصول کی۔
انہوں نے 2023 میں فلم 12ویں فیل میں شان دار پرفارمنس دی، جس نے باکس آفس پر 69 کروڑ سے زیادہ کمائی کی، 2024 میں بھی وہ سبرمتی رپورٹ اور پھر آئی حسین دلربا جیسی فلموں اور ویب شوز میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے نظر آئے۔
وکرانت کی ذاتی زندگی بھی کافی دلچسپ ہے، وہ ایک سیکولر خاندان میں پیدا ہوئے، جہاں ان کے والد مسیحی، والدہ سکھ، بھائی مسلمان اور بیوی ہندو ہیں۔
انہوں نے 12 فروری 2022 کو اداکارہ شیتل ٹھاکر سے شادی کی اور فروری 2025 میں وہ ایک بیٹے کے والد بنے۔
وکرانت کا کہنا تھا کہ "میرے گھر کا ماحول بہت متنوع ہے اور ہم سب ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہیں"۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستانی اداکار فاران طاہر کی ہالی ووڈ میں شاندار واپسی: ‘ویژن کویسٹ’ میں دوبارہ نظر آئیں گے
پاکستان کے مشہور اداکار فاران طاہر مارول سینماٹک یونیورس (MCU) میں ایک بار پھر اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، فاران طاہر اپنے پرانے کردار، ‘رزا’، کو دوبارہ سے ‘ویژن کویسٹ’ میں زندہ کریں گے۔
فاران نے 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم آئرن مین میں دہشت گرد گروپ ‘ٹین رنگز’ کے لیڈر کے طور پر اپنی شاندار اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔
‘ویژن کویسٹ’ مارول کے مشہور شو وانڈاویژن (2021) کا اسپن آف ہے۔ اس سیریز میں مرکزی کردار ویژن، جو ایک حساس مشین ہے، اپنی یادداشت اور جذبات کو دوبارہ دریافت کرنے کے سفر پر نکلتا ہے۔
یہ شو 2026 سے پہلے ریلیز نہیں ہوگا، لیکن فاران طاہر کی واپسی نے مداحوں کے درمیان جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
مارول کے علاوہ، فاران طاہر اپنی اگلی فلم دی مارشل آرٹسٹ کی ریلیز کے لیے بھی تیار ہیں، جو 31 جنوری کو پیش کی جائے گی۔ یہ انگریزی زبان کی پاکستانی فلم ہے، جس میں مرکزی کردار شاز خان ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک ایم ایم اے فائٹر کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی جڑوں سے دوبارہ جڑنے اور اپنی زندگی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔
شاز خان نے دسمبر میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ، "یہ کہانی دس سال پہلے ایک شارٹ فلم کے آئیڈیا سے آئی، جس میں ایک باکسر کا ذکر تھا۔ میں نے اس میں پاکستان کو بھی شامل کیا تاکہ یہ ہمارے کلچر کے قریب ہو۔"
ویژن کویسٹ اور فاران طاہر کی واپسی نے پاکستانی شائقین میں مارول کے لیے دلچسپی مزید بڑھا دی ہے، اور ان کی کارکردگی دیکھنے کے لیے مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔