قومی اسمبلی میں لاس اینجلس میں لگی آگ کےمتاثرین کیساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
قومی اسمبلی نے امریکا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی ہولناک آگ اور اس واقعے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مشترکہ قرارداد منظور کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیپلز پارٹی کے نوید انور جیوا نے پیش کی جس پر 13سے زائد ارکان نے دستخط کئے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی ادارے امداد کیلئے آگے آئیں اور متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔
بعد ازاں قومی اسمبلی نے لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ، درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے اور ہزاروں افراد کے متاثر ہونے پر ان سے اظہار ہمدردی کے لئے قراداد منظور کرلی۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی آگ پر تقریباً ایک ہفتہ گزرجانے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ مختلف مقامات پر لگی یہ آگ اب تک تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو جلا کر خاکستر کرچکی ہے۔
اس آگ کے نتیجے میں اب تک 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد لاپتا ہیں، آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئی ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جو اب تک آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: قومی اسمبلی
پڑھیں:
جنگ بندی کے باوجود اسرائیل جارحیت سے باز نہ آیا؛ وحشیانہ بمباری میں 40 فلسطینی شہید
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا لیکن صیہونی فوج کی جارحیت تھمنے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر تازہ فضائی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج نے تازہ حملے جنگ بندی کے اعلان کے بعد کیے۔ یہ فضائی حملے بھی بے گھر فلسطینیوں کے پناہ گزین کیمپوں پر کیے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی کابینہ جنگ بندی معاہدے پر ووٹنگ کی تیاری کر رہی ہے جو بآسانی منظور ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فسطینیوں کی تعداد 46 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ 10 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوگئے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے 3 ہزار سے زائد جنگجوؤں نے فضا سے اور زمینی راستے سے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1500 اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے۔
حماس 250 سے زائد اسرائیلیوں کو یرغمال بناکر اپنے ہمراہ غزہ لے آئے تھے جن میں سے اکثر اسرائیلی بمباری میں ہی مارے گئے۔