عمران کو دو بار پیغام بھیجا نہ آئے، جج احتساب عدالت، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار موخر
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف دائر ریفرنس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر ہو گیا، اب فیصلہ 17جنوری کو سنایا جائیگا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی۔ جج ناصر جاوید رانا کا کہنا تھا کہ میں صبح ساڑھے 8 بجے سے عدالت میں موجود ہوں، بانی پی ٹی آئی کو دو بار پیغام بھیجا لیکن وہ نہیں آئے اور نا ہی بشریٰ بی بی یا انکے وکلا کی طرف سے کوئی پیش ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے، ٹرائل کے دوران بھی ملزمان کو متعدد مواقع دیئے گئے، فیصلہ سنانے کیلئے ملزمان کو ایک اور موقع دے رہا ہوں جو اب 17 جنوری(جمعہ ) کو سنایا جائیگا۔
عمران خان کی جانب سے کہا گیا کہ جب تک میری فیملی یا وکلا میں سے کوئی نہیں آجاتا تو میں کمرہ عدالت میں نہیں آؤں گا۔سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہرسیکورٹی ہائی الرٹ تھی۔
سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچے تھے، ملزمان کے وکلا تاخیر سے عدالت پہنچے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: احتساب عدالت
پڑھیں:
توشہ خانہ ٹو میں درخواستِ بریت پر سماعت؛ عمران خان کے وکلا کا تیز ٹرائل پر اعتراض
اسلام آباد:توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر وکلا نے مقدمے کے تیز ٹرائل پر اعتراض اٹھا دیا۔
ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ کی۔
سماعت میں درخواست گزاروں کے وکیل ایڈووکیٹ سلمان صفدر پیش ہوئے جب کہ عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی سماعت کے موقع پر عدالت پہنچیں۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست پر اعتراضات کیا ہیں؟، جس پر وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ مصدقہ کاپیز ساتھ منسلک نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا ۔ تمام آرڈرز مصدقہ کاپیز ساتھ منسلک کردیے ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہفتے میں ٹرائل کی 3سماعتیں ہو رہی ہیں۔ عدالتی اوقات کار کے علاوہ بھی ٹرائل کی سماعتیں ہو رہی ہیں۔ 3دفعہ ایک ہفتے میں ٹرائل کرنا unfair ہے۔ ٹرائل کورٹ کی کوشش تھی کہ سردیوں میں ہی کیس نمٹا دیں۔ 7گواہ ہو چکے، آج کے لیے بھی 3گواہ عدالت نے رکھے ہوئے ہیں، تیزی سے ٹرائل آگے بڑھ رہا ہے۔ایک ہی معاملے میں چوتھی دفعہ ٹرائل کیا جا رہا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے درخواست پر دستخط موجود نہیں، وہ کروا لیں۔ آپ کیا چاہتے ہیں کہ یہ عدالت ٹرائل کورٹ کو آرڈر کرے کہ تیز ٹرائل نہ کریں۔
وکیل نے جواب دیا کہ جب تک ہماری اس درخواست کو ڈائری نمبر نہیں لگ جاتا، عدالت ایسا آرڈر کردے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں یہی تو پوچھ رہا ہوں کہ کیا یہ عدالت ٹرائل کورٹ کو ایسی کوئی ڈائرکشن دے سکتی ہے؟۔ بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو درخواست پر اعتراضات دُور کرنے کی ہدایت کر دی۔