خیرپور: گیس کے کم پریشر اور لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
خیرپور (جسارت نیوز) شہر کے 80 محلوں سے زیادہ علاقوں میں کئی ماہ سے گیس کا پریشر کھانے کے وقت نہ صرف کم ہے بلکہ آتا ہی نہیں ہے یا پھر لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچے اسکول اور ملازمین بغیر ناشتے کے دفتر جاتے ہیں، گزشتہ روز مختلف محلوں محلہ سرائی گھنور خان، بچل شاہ، عابد کالونی، الطاف کالونی، شہید آباد، منشی محلہ، جیلانی محلہ، لقمان و دیگر علاقوں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف جگہوں پر گیس انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ سیکڑوں بار سوئی گیس کے زونل مینیجر کو درخواستیں دیں، آفس کے چکر لگانے کے بعد بھی پریشر بحال نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال سے خیرپور میں گیس لائنوں کی مرمت کے لاکھوں روپے صرف کاغذوں میں دکھائے گئے ہیں، سوئی گیس کا عملہ زونل منیجر کی سربراہی میں نہ تو گیس لائن کی لیکجز بند کرا رہا ہے اور نہ گیس کی لائنوں کی مرمت کرا رہا ہے، ملنے والے فنڈز اپنے اور اعلیٰ افسران میں بانٹ رہے ہیں جس کا ازالہ شہری بھگت رہے ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ سوئی گیس کے عملے نے وزیراعظم شریف کے احکامات بھی ہوا میں اُڑا دیے جس میں انہوں نے حکم دیا تھا کہ گیس صبح 5 سے رات 10 بجے تک گھریلو صارفین کو دی جائے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پشاور؛ سی این جی اسٹیشن 19 جنوری تک بند کردیے گئے
پشاور:پشاور میں سوئی گیس پریشر میں کمی کے باعث دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشنز کھولنے پر پابندی عائد کردی گئی، 19 جنوری تک سی این جی اسٹیشن بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق گھریلو صارفین کو سوئی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، گھریلو صارفین کو سوئی گیس فراہمی کے لیے شہر میں سی این جی اسٹیشنز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشن کھولنے پر پابندی ہوگی اور سی این جی اسٹیشن 19 جنوری تک بند رہیں گے، خلاف ورزری پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے رکشہ ڈرائیورز نے سلنڈر گیس کا استعمال شروع کردیا ہے جس کے باعث رکشہ کے کرائے بڑھا دیے ہیں۔
سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے شہر میں سی این جی سے چلنے والی گاڑیوں کا رش بھی کم رہا۔