پریس کلب مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو قومی کاز سمجھتا ہے‘ارشاد کھوکھر
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے نائب صدر ارشاد کھوکھر نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو قومی کاز سمجھتا ہے اور صحافی برادری ہمیشہ فلسطین کا زکی حمایت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی پریس کلب میں فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد نے جماعت اسلامی کے نائب امیر اور فلسطین فائونڈیشن کی سرپرست کمیٹی کے رکن مسلم پرویز کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں اور اراکین کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے گلدستہ اور مٹھائی پیش کی۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد میںسیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم‘ محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، ارشد نقوی ایڈووکیٹ، پیر ازہر علی ہمدانی، بشیر سدوزئی،مفتی معاذ نظامی، نسیم شاہ، قاضی زاہدحسین اور ثاقب نوشاہی اور دیگر موجود تھے جبکہ کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری منصف احمد، کفیل احمد، مونا صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے اراکین کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں کے لیے آوازاٹھانا ہماری ذمہ داری ہے ، ان کاکہنا تھا کہ غزہ میں جاری جارحیت پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ فلسطین وکشمیر کاز کے لئے مشترکہ اور موثر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ کراچی پریس کلب کے اراکین نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے قیام اور مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں: