لوگوں کو نہ لڑانے پر ہمیں زیر عتاب لایا جاتا ہے،فضل الرحمن
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
ملتان(خبرایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یو آئی کو اس لیے زیر عتاب لایا جاتا ہے کہ لوگوں کو لڑاتے کیوں نہیں ہو،علما کے بعد سیاست جن کے ہاتھ میں آئی ان کے سبب آج تک خونریزی سے ہماری جان نہیں
چھوٹی،اس سیاست نے نفرت، فتنہ و فساد، لڑائی کو جنم دیا۔ ملتان میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم 21ویں صدی میں جارہے ہیں، 19ویں سے لے کر 20ویں صدی کے وسط تک جب تک برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت علمائے کرام کے ہاتھ میں تھی تو کوئی ایک مثال پیش کردیں جس میں دیوبندی بریلوی مسئلہ پیدا ہوا ہو، کوئی فساد ہو یا قوم آپس میں لڑی ہو، ان کی قیادت میں مکمل امن تھا اور امت جڑی ہوئی تھی۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے سنیت، حنفیت اور دیو بندیت کی شناخت ختم نہیں کی ہم عوام میں جاتے ہیں اور بات کرتے ہیں، ہمیں قوم کو جوڑنے اور انسانیت کی بات کرنی ہے مگر لوگوں نے اپنی دکانیں بنائی ہوئی ہیں اور اب دیوبندیت بھی ایک دکان بن گئی ہے، کسی بھی فرقے کو گالیاں دو ،اسٹیج گرمادو ،بڑی خدمت کرلی، یہ طریقہ ہمارے اکابر کا نہیں۔فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں تمام ممبران کو کہا کہ مجھے کسی خاص فرقے کے حوالے سے اشارہ نہ کیا کرو میں پارلیمنٹ میں جو بات کروں گا، تمام مکاتب فکر کی نمائندگی ہوگی اور امت مسلمہ کی نمائندگی ہوگی۔جے یو آئی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ قومیت کا نعرہ لگانے والے بھی خود کو لبرل کہتے ہیں، نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: فضل الرحمن کہا کہ
پڑھیں:
فضل الرحمن کی سیاسی حیثیت عمران کے مقابلے جتنی نہیں‘ گنڈاپور
پشاور (صباح نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن تمہاری سیاسی حیثیت عمران خان کے مقابلے جتنی نہیں، تمہاری حیثیت نہیں کہ عمران خان کے ساتھ بیٹھ سکو۔ مولانا فضل الرحمن صاحب حلقے کھول لیں، آپ کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا، آپ کے
ساتھ دھوکا ضرور ہوا ہے، جنہوں نے آپ کے ساتھ دھوکا کیا ان کا نام لیں۔ مذاکراتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو خیبر پختونخوا کے انتخابات پر اعتراض ہے تو آئیں حلقے کھول لیتے ہیں، آپ کے جو 4 ،5لوگ ہیں وہ بھی فارم 47کے ہیں، آپ کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا، آپ بلوچستان سے بھی فارم 47سے آئے ہیں، آپ کے ساتھ دھوکس ضرور ہوا ہے، جنہوں نے آپ کے ساتھ دھوکا کیا جو وعدے ہوئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے، ان کا نام لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اس طرح کے بیانات دے گا تو بطور وزیراعلیٰ اس کا جواب دوں گا، جنہوں نے آپ کے ساتھ دھوکا کیا ہے ان کا نام لیں ہمارے اوپر بات نہ کریں۔ مولانا فضل الرحمن کہتا ہے میری تیسرے درجے کی لیڈر شپ عمران خان سے ملے گی، مولانا فضل الرحمن تمہاری سیاسی حیثیت عمران خان کے مقابلے جتنی نہیں۔