پاک بنگلا دیش قونصل جنرل کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
۔
دبئی(اے پی پی)دبئی میں بنگلہ دیش کے قونصل جنرل محمد رشیدالجمان نے پیر کو دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد سے قونصلیٹ جنرل پاکستان میں خیر سگالی ملاقات کی۔ قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے حسین محمد نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات بالخصوص تجارتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں قونصل جنرلز نے تعاون کے امکانات کا ادراک کرتے ہوئے
دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے متعلقہ قونصل خانوں کے تجارتی شعبوں کو مشغول کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران محمد رشید الجمان نے پرتپاک استقبال پر حسین محمد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات کے حوالے سے شیئر کی گئی قیمتی آرا کو سراہا۔ فریقین نے پاسپورٹ کے اجرا، قومی شناختی کارڈز اور ویزا کے طریقہ کار سمیت مختلف قونصلر خدمات پر تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں قونصل جنرل نے کمیونٹی سروسز اور عوامی آگاہی کے اقدامات کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور مستقبل میں تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں اطراف کے سینئر سفارت کار بھی موجود تھے۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
چوہدری شجاعت مسلم لیگ ق کے بلامقابلہ صدر منتخب
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی انتخابات میں چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ ق کے بلامقابلہ صدر اور طارق حسن بلا مقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔
انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد مسلم لیگ ق کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں ہوا۔
چوہدری سالک حسین مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے۔ چوہدری شافع حسین مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور ڈاکٹر محمد امجد مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر اور غلام مصطفیٰ ملک مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر ہوئے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے جنرل کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔
جنرل کونسل کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کی گئی۔
اجلاس میں ملک میں جاری دہشت گردی کی مذمت کی گئی اور افواج پاکستان، رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ قرآن ہمارا منشور ہے، خدمت کی سیاست کریں، منافقت اور تکبر سے اجتناب کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور یہی جماعت پاکستان کو بچائےگی، تمام عہدیداران پارٹی کو منظم، مستحکم اور فعال بنائیں۔