برازیل: طوفانی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ، 10 افراد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
جنوب مشرقی برازیل میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریاست میناس جیرائس کی ریسکیو سروسز کے مطابق ہفتے کی رات بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور ایپاٹینگا شہر میں محض ایک گھنٹے میں تقریباً 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے۔ ایپاٹینگا میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا، لینڈسلائڈنگ سے 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں ایک 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
مزید برآں، بیٹھانیا کے علاقے میں ایک بڑی لینڈ سلائیڈنگ نے ایک پہاڑی کے نیچے واقع گلی کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں راستے میں آنے والی ہر شے بہہ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے ایک خاندان کے چار افراد کو بچا لیا لیکن ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔
ریاست میناس جیرائس کے گورنر رومیو زیما نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: لینڈ سلائیڈنگ
پڑھیں:
صوفی شاعر واصف علی واصف کو دنیا سے رخصت ہوئے 32 برس مکمل
لاہور: معروف صوفی شاعر واصف علی واصف کو ہم سے جدا ہوئے 32 برس گزر چکے ہیں۔
واصف علی واصف کی شاعری، تصنیفات اور اقوال آج بھی انسانوں کے دلوں کو سکون اور ہدایت فراہم کرتے ہیں۔ ان کی تخلیقات نے زندگی کے پیچیدہ سوالات کے جواب دئیے اور انسانوں کو اپنی اصل حقیقت سے آگاہ کیا۔
واصف علی واصف نے نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھائی بلکہ وہ سکول اور کالج میں ہاکی کے بہترین کھلاڑی بھی رہے۔ ان کا روحانیت سے تعلق بہت گہرا تھا، اور انہوں نے اپنے وعظ و تدریس کے ذریعے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لائی۔
ان کی مشہور تصانیف میں ’’کرن کرن سورج‘‘، ’’قطرہ قطرہ قلزم‘‘، ’’حرف حرف حقیقت‘‘، ’’دل دریا سمندر‘‘، ’’دریچے‘‘، ’’گمنام ادیب‘‘ اور ’’ذکرِ حبیب‘‘ شامل ہیں۔ ان کے شعری مجموعے ’’چراغِ شب زاد‘‘ اور ’’بھرے بھڑولے‘‘ بھی بے حد مقبول ہوئے۔
18 جنوری 1993 کو واصف علی واصف اس دنیا سے رخصت ہوگئے، مگر ان کی تعلیمات اور اقوال ہمیشہ زندہ رہیں گے اور لوگوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ ان کا پیغام آج بھی دلوں کو روشنی بخشتا ہے۔