حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی معاہدہ جلد ہونے کا امکان:امریکا
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
واشنگٹن:امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی کا معاہدہ جلد ہونے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ اس ہفتے کے آخر تک طے پانے کا امکان ہے۔
ایک امریکی میڈیا انٹرویو میں سلیوان نے اس بات کا ذکر کیا کہ جنگ بندی کے حوالے سے فریقین پر دباؤ بڑھ رہا ہے، خاص طور پر حماس پر، اور اگر دونوں جانب سے موقع کا فائدہ اٹھایا جائے تو معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے۔
سلیوان نے مزید کہا کہ صدر جو بائیڈن کے دفتر چھوڑنے سے پہلے یہ معاہدہ طے پانے کی امید ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صدر بائیڈن کے خصوصی نمائندے بریٹ مک گرک گزشتہ ایک ہفتے سے مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں اور معاہدے کی تفصیلات پر کام کر رہے ہیں۔ اس دوران، انہوں نے قطر کے وزیر اعظم اور اسرائیلی حکام سے بھی ملاقات کی، جس سے جنگ بندی کی جانب پیشرفت ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ سلیوان نے زور دیا کہ بائیڈن انتظامیہ نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ اس مسئلے پر قریبی تعاون کی پیشکش کی ہے۔ا س حوالے سے مذاکرات پر کسی بھی منفی اثر سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ وہ اس بات کی ضمانت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں کہ معاہدہ یقینی طور پر طے پائے گا، کیونکہ ماضی میں بھی ایسی صورتحال سامنے آ چکی ہے جہاں معاہدے کے قریب پہنچنے کے باوجود بات نہیں بن سکی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
غزہ جنگ بندی معاہدہ؛ یمن سے حوثی بھی اسرائیل پر حملے روک دیں گے
قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد یمن کے حوثی باغیوں نے بھی اسرائیل کیخلاف عسکری کارروائیاں بند کردیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان کرتے ہوئے یمن کے حوثی رہنماؤں نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔
حوثی باغیوں کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ہم اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کا احترام کریں گے اور مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ اسرائیل پر منحصر ہے کہ وہ کتنے عرصے تک خود کو محفوظ رکھ پاتا ہے اور ایسا وہ معاہدے کے مندرجات پر عمل کرکے کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے غزہ میں حماس پر اور لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنائے جانے پر حوثیوں نے یمن سے اسرائیلی سرزمین پر میزائل اور ڈرون برسائے تھے۔
حوثیوں نے امریکا، اسرائیل اور مغربی ممالک کے بحری مال بردار جہازوں کو بھی نشانہ بنایا تاکہ غزہ میں جارحیت کو رکوایا جا سکے۔