بہاولپور: کنٹینر کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
پنجاب کے ضلع بہاولپور میں احمد پور روڈ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں کنٹینر نے ایک کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ شدید دھند کی وجہ سے پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی وجہ یہ تھی کہ کار ڈرائیور نے اچانک اپنی گاڑی گھر کے روڈ کی طرف موڑ دی، جس کے بعد پیچھے سے آنے والا کنٹینر بے قابو ہو گیا اور کار پر الٹ گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ شازیہ زاہد، 28 سالہ سمیہ قاسم، 8 سالہ زین، 14 سالہ حسفہ اور 9 سالہ ہمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو نے فوری طور پر لاشیں اسپتال منتقل کر دیں۔
دھند کے باعث موٹر ویز کی بندش
پنجاب اور سندھ میں شدید دھند کا سامنا ہے جس کی وجہ سے موٹروے ایم فور خانیوال سے ملتان تک بند کر دی گئی ہے۔ ایم فائیو پر ملتان سے رکن پور تک ٹریفک معطل ہے جبکہ جلالپور انٹرچینج پر بھی ٹریفک کی روانی روک دی گئی ہے۔ نوشہرو فیروز میں حد نگاہ صرف 10 میٹر رہ گئی ہے۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند
لاہور:شدید دھند کی وجہ سے لاہور، سیالکوٹ اور رحیم یارخان کے مختلف موٹروے حصے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق لاہور سے ہرن مینار تک موٹروے ایم 2، سیالکوٹ سے لاہور تک موٹروے ایم 11 اور رحیم یارخان سے روہڑی تک موٹروے ایم 5 کو دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا روڈ یوزرز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں۔
ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، جب کہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
مزید برآں، ڈرائیور حضرات کو آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دوران سفر دیگر گاڑیوں کو بہتر طریقے سے دیکھا جا سکے۔
موٹروے پولیس نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی ہے اور تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔