عمران خان کی مطالبات سے پسپائی اور پی ٹی آئی میں تقسیم کا بڑا دعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
کراچی:
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنے مطالبات سے پسپائی اور پی ٹی آئی میں تقسیم کے حوالے سے پیش گوئی سامنے آ گئی۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سیاسی پیش گوئیوں کی وجہ سے مشہور منظور وسان نے اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور پارٹی سے متعلق پیش گوئی کی ہے۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پی پی رہنما منظور وسان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اب آہستہ آہستہ اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹیں گے اور ریلیف لینےکی کوشش کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے مطالبات کسی بھی صورت نہیں مانے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو پہلے مطالبات کیے تھے، ان سے بھی وہ پیچھے ہٹ جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کا جو گزشتہ سال پریشر تھا، وہ نئے سال میں نظر نہیں آرہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی اور پارٹی کی پوزیشن کم ہوتی نظر آرہی ہے۔
منظور وسان نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے حق میں ٹرمپ نے کچھ کہا تو پھر ہم بھی ان کو Absolutely Not کہیں گے۔اب انٹرنیشنل حالات بدل چکے ہیں، کوئی کسی کے پریشر میں نہیں آئے گا۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مختلف گروپس میں تقسیم ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی
پڑھیں:
گولیوں اور جیلوں سے ڈرنے والے کارکنان گھروں پر بیٹھ جائیں، صدر پی ٹی آئی کے پی
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ گولیوں اور جیلوں سے ڈرنے والے کارکنان گھر چلے جائیں، پارٹی میں گروپ بندی ہے مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کرک میں جنوبی ریجن کنونشن میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ مجھے بانی سے جیل میں ملنے نہیں دیا جارہا، اگر وہ آج باہر ہوتے تو صوبائی صدارت کو قبول نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ گولیوں اور جیلوں سے ڈرنے والے کارکن گھروں میں بیٹھ جائیں اور نہ ڈرنے والے ہی نکلیں، پارٹی میں پارلیمنٹرین اور تنظیمی عہدیدار الگ الگ ہونے چاہییں، آج اگر بانی پی ٹی آئی جیل میں نہ ہوتے تو صوبائی صدارت کسی صورت قبول نہ کرتا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر میں یونین کونسل کا ممبر بھی نہیں بن سکتا، آج جو وزیر، ایم این ایز اور ایم پی ایز بنے ہیں اُن سب کو بانی کے نام پر ووٹ ملے ہیں، پارٹی میں گروپ بندی ضرور ہے مگر ہم سیاسی غلام نہیں، کوئی چاہے کتنے ہی دھڑے کیوں نہ بنائیں پی ٹی آئی کو فرق نہیں پڑے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جو بھی کرپشن کرے گا، چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کا راستہ روکوں گا۔