190 ملین پاؤنڈ کیس:فیصلہ تیسری بار موخر
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
190 ملین پاؤنڈ کیس جس کا فیصلہ آج پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف سنایا جانے والا تھا تیسری بار مؤخر کردیا گیا ہے، فیصلہ اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے ہیں۔ جج ناصر جاوید نے روانگی سے قبل کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، میں ساڑھے 8 بجے عدالت پہنچا، بانی پی ٹی آئی کو دو مرتبہ پیغام بھی بھیجا، ملزمان کے وکلا بھی عدالت نہیں پہنچے، اب فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کیلئے 11 بجے کا ٹائم تھا، جج صاحب کو بڑی جلدی تھی جو چلے گئے۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ فیصلہ مؤخر کیوں کیا گیا؟اس کا پتہ تو جوڈیشل آرڈر میں چلے گا، میں بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کروں گا، بشریٰ بی بی آج پیش نہیں ہوئیں، شاید اس وجہ سے بھی فیصلہ مؤخر کیا گیا ہو۔ خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہونی تھی، بانی پی ٹی آئی وکیل خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے عملے نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ صبح 11 بجے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ دو مرتبہ مؤخر کیا جاچکا ہے، جج ناصر جاوید رانا نے ٹرائل کی آخری سماعت گزشتہ سال 18 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں کی تھی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کرکے 6 جنوری مقرر کی تھی، پھر کیس کا فیصلہ سنانے کی تاریخ 13 جنوری مقرر کی گئی اور اب فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
عمران، بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، فیصلہ آج سنایا جائے گا
راولپنڈی (نمائندہ نوائے وقت ) تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج ساڑھے گیارہ بجے دن میں سنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عدالتی عملے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج جمعہ کے روز ساڑھے گیارہ بجے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ تین مرتبہ موخر کیا جا چکا ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024ء کو محفوظ کیا تھا۔