Nai Baat:
2025-01-18@13:02:35 GMT

محمد احسن راجہ … گور پیا کوئی ہور

اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT

محمد احسن راجہ … گور پیا کوئی ہور

’’پاکستان میری ماں ہی تو ہے، دھرتی ماں جس نے مجھے شناخت دی ہے۔ پاکستان کو ہر وطن پر فوقیت ہے۔ مجھے عظمتوں کی یہ سر زمین بخدا اپنی رگوں میں دوڑنے والے خون سے زیادہ عزیز ہے۔‘‘ مادر وطن کی محبت سے سرشار یہ چند قیمتی سطریں مرحوم محمد احسن راجہ کی ہیں جو انہوں نے اپنے سفرنامے ’’ہمہ یاراں ہاورڈ‘‘ کے دیباچے کے آخر میں 2 دسمبر 2005ء کو تحریر کی تھیں۔ قارئین! ہمارے ہاں یہ خیال عام ہے کہ اعلیٰ بیورو کریسی میں دین دار اور محب وطن لوگوں کا قحط ہے۔ ممکن ہے اس میں کسی حد تک صداقت بھی ہو لیکن وہ لوگ جو مرحوم محمد احسن راجہ صاحب کو ذاتی طور پر جانتے ہیں وہ یقینا میری اس بات کی گواہی دیں گے کہ حکومت پاکستان کے اعلیٰ ترین سرکاری عہدوں پر فائز رہنے والے ہمارے یہ دوست ایک ایسے دین دار، محب وطن، قابل، ذہین اور شاندار انسان تھے جن کے لیے بلامبالغہ یہ کہا جا سکتا ہے ’’جن سے مل کر زندگی سے عشق ہو جائے وہ لوگ / آپ نے شاید نہ دیکھے ہوں مگر ایسے بھی ہیں‘‘۔ ہمارے ہاں یوں تو بے شمار خرابیاں ہیں لیکن ان میں خرابیوں میں ایک انتہائی بُری اور بدنما خرابی یہ ہے کہ اول تو ہمارے ہاں اچھے، قابل اور محب وطن لوگوں کا شدید قحط ہے اور اگر ہمیں خوش قسمتی سے ایسا کوئی قیمتی شخص میسر آ جائے تو ہم اس کی ایسی قدر نہیں کرتے جس کا وہ اصل حق دار ہوتا ہے۔ سابق وفاقی سیکرٹری محمد احسن راجہ اپنی دیگر خوبیوں کے ساتھ پنجابی، اردو اور انگریزی زبان کے اول درجے کے ایک ایسے ہی ادیب، سفرنامہ نگار اور ناول نویس ہیں جنہیں میری دانست میں اُن کی زندگی میں وہ ادبی مقام نہیں دیا گیا جس کے وہ مستحق تھے۔ خاص طور پر پنجابی زبان میں اُن کا ناول ’’اڈیک‘‘ ایک ایسا اچھوتا کارنامہ ہے جسے پنجابی ناول نگاری کا شاہکار قرار دیا جا سکتا ہے۔ مجھے علم نہیں کہ پنجابی میں ناول نگاری کی تاریخ کتنی پرانی ہے اور اب تک اس میں کتنے اچھے اور بڑے ناول لکھے گئے ہیں۔ مگر یہ بات میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جب بھی پنجابی زبان و ادب میں تقسیم کے موضوع پر لکھے گئے چند بڑے ناولوں کی بات ہو گئی تو اُن میں اپنے پلاٹ، کرداروں اور خالص زبان و بیان کے حوالے سے ایک بڑا اور اہم ناول محمد احسن راجہ صاحب کا لکھا ہوا پنجابی ناول ’’اڈیک‘‘ ضرور ہو گا۔ ضرورت ہے کہ اس ناول کو شاہ مکھی کے ساتھ گور مکھی میں بھی شائع کیا جائے تا کہ یہ زیادہ سے زیادہ لوگ تک پہنچ سکے۔ راجہ صاحب اس ناول کی ڈرامائی تشکیل میں بھی دلچسپی رکھتے تھے اور اپنے عہدے اور اثر و رسوخ کے باعث اُن کے لیے یہ کوئی بڑا کام بھی نہیں تھا مگر اپنی اصول پسندی کی وجہ سے وہ اس کو اپنا ذاتی کام سمجھ کر کسی سے نہ کہہ سکے جس کی وجہ سے اُن کا یہ خواب اُدھورا رہ گیا۔ محمد احسن راجہ تہذیب و شائستگی اور اعلیٰ اخلاقی قدروں سے مزین اپنے اصولوں پر سمجھوتا نہ کرنے والے ایک ایسے ہی بااصول اور خاندانی شخص تھے۔آج مادہ پرستی کے اس دور میں جبکہ لوگوں کی اکثریت کوئی بھی تعلق یا رشتہ بنانے سے پہلے اسے نفع نقصان کے تراوز میں تولتی ہے وہاں محمد احسن راجہ صاحب جیسے بامروت، ہمدرد اور وضع دار لوگ اب شاذ ہی دکھائی دیتے ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں راجہ صاحب جیسے بہت کم لوگ دیکھے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے حسنِ سیرت کے ساتھ حُسن صورت سے بھی نوازا ہو۔ محمد احسن راجہ سے میری پہلی ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ وفاقی سیکرٹری تعلیم کی حیثیت سے ایک لائیو انٹرویو کے لیے ایف ایم 101 ریڈیو پاکستان لاہور تشریف لائے تھے۔ میں اُس وقت وہاں پروڈیوسر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہا تھا۔ یہ ایک رسمی سا انٹرویو تھا جس کے بعد ہمارے اس وقت کے انچارج خورشید احمد ملک صاحب نے راجہ صاحب کو چائے کے لیے اپنے کمرے میں روک لیا تو پروٹوکول کا تقاضا نبھاتے ہوئے مجھے بھی وہاں بیٹھنا پڑا۔ چائے پر راجہ صاحب سے کچھ غیر رسمی گفتگو ہوئی تو یہ بھید کھلا کہ آپ ایک بڑے سرکاری افسر ہونے کے ساتھ لکھاری بھی ہیں اور آپ کی تین چار کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ سچی بات ہے یہ جان کر بھی مجھے کوئی خاص اعتبار نہیں آیا اور میں نے سوچا کہ آج کل کے دیگر بڑے بڑے افسروں کی طرح راجہ صاحب بھی شاید کوئی شوقین قسم کے افسر ہیں جنہوں نے کسی اور شوق کے بجائے ’’کمپنی‘‘ کی مشہوری کے لیے لکھنے لکھانے کا شوق پالا ہوا ہے۔ مگر میری یہ بدگمانی اُس وقت باقاعدہ شرمندگی میں بدل گئی جب کچھ عرصہ بعد مجھے ان کا سفرنامہ ’’ہمہ یاراں ہاورڈ‘‘ پڑھنے کا موقع ملا ’’گھر کا رستہ بھول گیا‘‘ کے بعد یہ اُن کا دوسرا سفرنامہ تھا جس میں راجہ صاحب نے ایک سرکاری کورس کے سلسلے میں امریکہ کے سفر اور ہاورڈ میں اپنے قیام کی روداد بڑی خوبصورتی سے بیان کی ہے۔ دوران سفر انہوں نے وطن سے اپنی محبت کو جس انداز میں بیان کیا ہے اسے پڑھتے ہوئے قاری بھی اُن کے ساتھ وطن کی محبت میں پوری طرح ڈوب جاتا ہے۔ جو لوگ راجہ صاحب کو ذاتی طور پر نہیں جانتے ’’ہمہ یاراں ہاورڈ‘‘ کی ان اختتامی لائنوں سے ان کو بھی راجہ صاحب کی وطن سے بے پناہ محبت کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔ ’’ہم اٹلانٹک اور سات سمندروں سے دور چاند ستاروں کی اس خوبصورت سرزمین کی طرف بڑھ رہے تھے جو جنت نظیر ہے۔ جس کی خاک میں لعل و جواہر ہیں، جس کی کوکھ میں محبت کی حرارت ہے جو میری اپنی ہے، جو میرا وجود ہے جو میری پہچان ہے جو میرا چاند سا پاکستان ہے‘‘۔ سچی بات ہے یہ سفرنامے پڑھنے کے بعد میری یہ غلط فہمی پوری طرح دور ہو گئی کہ محمد احسن راجہ جی پُر تعیش کمروں اور بڑی بڑی گاڑیوں میں بیٹھنے والے وہ اعلیٰ سرکاری افسر ہیں جو کھاتے تو پاکستان کا ہیں لیکن گن انگلستان اور امریکہ کے گاتے ہیں۔ راجہ صاحب سے دوچار ملاقاتیں اور ہوئیں تو معلوم ہوا کہ اپنی گفتگو اور تحریر میں ایک محب وطن، درد مند اور شائستہ دکھائی دینے والے محمد احسن راجہ حقیقت میں بھی ایسے ہی اصلی اور خالص انسان ہیں۔ بغیر کسی بناوٹ کے اندر باہر سے یکساں خوبصورت کسی مصلحت اور منافقت کے بغیر اپنے دین، وطن اور شاندار روایات و اقدار سے جُڑے ہوئے پیارے انسان۔ یہ دنیا دارالفنا ہے ہر بندے کو ایک نہ ایک دن موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔ راجہ صاحب بھی حکم خداوندی کے تحت اپنے حصے کی زندگی گزار کر اس جہان فانی سے رخصت ہو چکے ہیں۔ مگر پتا نہیں مجھے آج بھی یہ احساس کیوں ہوتا ہے کہ وہ ہمارے درمیان اسی طرح موجود ہیں جیسے اپنی زندگی میں تھے۔ آپ جیسے بے لوث لوگ اس جہانِ فانی سے گزر بھی جائیں تو اپنے اعلیٰ اخلاقی رویوں اور پُر خلوص محبتوں کی وجہ سے دلوں میں اپنے انمٹ نقوش چھوڑ جاتے ہیں جو انہیں مرنے کے بعد بھی زندہ رکھتا ہے۔ بابا بلھے شاہ ؒ نے شاید ایسے ہی لوگوں کے لیے یہ کہا ہے ’’بلھے شاہ اساں مرنا ناہیں گور پیا کوئی ہور‘‘۔

.

ذریعہ: Nai Baat

کلیدی لفظ: کے ساتھ ایسے ہی کے لیے کے بعد

پڑھیں:

احسن اقبال نے بانی پی ٹی آئی کو سرٹیفائیڈ کرپٹ سیاستدان قرار دیدیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بانی پی ٹی آئی کو سرٹیفائیڈ کرپٹ سیاستدان قرار دیدیا۔

زرائع کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ 190 ملین پائونڈ رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی، برطانوی اخبار نے بانی پی ٹی آئی کی کرپشن عیاں کی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے برطانوی اخبار کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی کیونکہ الزام درست ہے، برطانوی عدالت سے بھی بانی پی ٹی آئی کو کرپشن کی سزا مل جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو دھوکا دے کر عمران خان نے اقتدار لیا، بانی پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ کرپٹ سیاستدان ہیں۔

انہوںنے کہاکہ شہبازشریف نے عدالت میں کرپشن کیس کو چیلنج کیا اور بری ہوئے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سرکاری ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کا دفاع کررہی ہے۔

متعلقہ مضامین

  • راجہ انعام امین منہاس اور اعظم خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل جج تعینات، نوٹیفکیشن سب نیوز پر
  • احسن اقبال نے بانی پی ٹی آئی کو سرٹیفائیڈ کرپٹ سیاستدان قرار دیدیا
  • بیرسٹرگوہرکی آرمی چیف سے ملاقات کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے، علی محمدخان
  • غزہ میں سیز فائر عظیم فتح ہے جو اہل غزہ کی استقامت کا نتیجہ ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
  • شوکاز نوٹسز سے تنگ آگیا، نکالنا ہے تو نکال دیں ، شیر افضل مروت
  • شوکاز نوٹسز سے تنگ آگیا ہوں، بانی نے نکالنا ہے تو نکال دیں ، شیر افضل مروت کا بیان
  • غزہ کا حتمی حل متحارب فریقوں پر منحصر ہے، دوحہ
  • ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کے ہمارے 20 لوگوں کو دعوت نامے ملے ہیں: سلمان اکرم راجہ
  • پی ٹی آئی اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شروع
  • سینئر پارلیمنٹیرین سید محمد اصغر شاہ انتقال کرگئے