صوبے میں فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کرینگے‘جماعت اسلامی پختونخوا
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
بنوں (صبا ح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کے کسی حصے میں فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے، حکومتی اور اپوزیشن رہنمائوں کو اسرائیل کی حمایت اور غزہ کی مخالفت پر امریکا کی مذمت کی توفیق نہیں ہو رہی، ٹرمپ کا مشرقِ وسطیٰ کو جہنم بنانے کا اعلان شرمناک اور اس پر حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے، ٹرمپ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ اور فلسطین مسلمانوں کا ہے، اس پر اسرائیل کا حق تسلیم نہیں کرتے۔ جماعت اسلامی غلبہ دین کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ان خیالات کا ظہار انہوں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایک بار پھر فوجی آپریشن کی بازگشت جاری ہے، حکومت بتائے کہ2 عشروں سے جاری آپریشنوں کا کیا نتیجہ نکلا، آپریشن سے صرف عوام کو تکلیف ہوتی ہے، عوام کو جانی و مالی نقصان اور نقل مکانی برداشت کرنی پڑتی ہے۔ اجتماع سے جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مولانا عارف اللہ، سیکرٹری جنرل اعجا ز الحق سورانی، جماعت اسلامی ضلع بونیر کے رہنما عبدالغفار، اختر علی شاہ اور مفتی صفت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ محمد ظہور خٹک نے کہا کہ اس وقت امریکا دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جبکہ اقوام متحدہ اور امریکا غزہ کی بچوں کی لاشیں اور نسل کشی نظر نہیں آرہی،غزہ میں 40ہزار سے زائد لوگ شہید ہوگئے جبکہ مسلمان حکمران خواب خرگوش میں مبتلا ہیں۔ جماعت اسلامی مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو جہنم بنانے والے امریکا کا لاس اینجلس آج خود جہنم کا منظر پیش کر رہا ہے، یہ قدرت کا انتقام ہے، قدرت نے یہ بات سمجھا دی ہے کہ سپر پاور ایک اللہ ہے، امریکا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی اس ملک کے مسائل کا حل ہے ،جماعت اسلامی کے پاس دیانت دار قیادت موجود ہے ،ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے نجات دلا کر پاکستان کو اسلامی فلاحی اور خوشحال مملکت بنائیں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی کی حمایت نے کہا
پڑھیں:
ماتلی: عبدالرزاق شیخ انتقال کر گئے
ماتلی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے سابق امیر ضلع شیخ شوکت علی کے چھوٹے صاحبزادے ڈاکٹر عبدالملک شیخ عبدالخالق شیخ عبدالمنان شیخ کے بھائی عبدالرزاق شیخ انتقال کر گئے، مرحوم کو نظر محمد قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی، علمی، ادبی، کاروباری شخصیت سمیت جماعت اسلامی بدین ضلعی امیر سید علی مردان شاہ، ضلعی جنرل سیکرٹری عبد الکریم بلیدی، انڈس اسپتال ٹنڈو محمدخان کے سی او ڈاکٹر اقبال میمن اور کارکنوں و عزیز واقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دوسری جانب جماعت اسلامی سندھ امیر کاشف سعید شیخ، صوبائی جنرل سیکرٹری محمد یوسف، صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہدچنا، جماعت اسلامی ضلع بدین نائب امراء سید داود شاہ گیلانی، اللہ بچایو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی، پروفیسر علی احمد بلیدی ضلعی ترجمان محمد علی بلیدی ، عطاء محمد گدی، جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کی ضلعی ناظمہ پروین ناہید جونیجو، نائبین مریم جمیلہ، صفیہ شمس، ماتلی کی ناظمہ شازیہ عطا محمد گدی سمیت دیگر عہدیداران نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت لواحقین کے لیے صبر وجمیل کی دُعا کی ہے۔