کے ایم سی کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے، راجہ اظہر
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے لے کر عام انتخابات تک کراچی نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، جہاں بھی حکومتی بے ضابطگیاں یا عوامی مسائل ہوں گے، ہم بھرپور احتجاج کریں گے اور عوام کی آواز بنیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر اور جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے کے ایم سی پارلیمانی لیڈر اور نائب صدر کراچی مبشر حسن زئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سینئر نائب صدر کراچی فہیم خان، سینئر نائب صدر جعفرالحسن اور دیگر ممبران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صدر کراچی راجہ اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کے ایم سی کی کارکردگی پر تفصیلی بات چیت کی ہے، ہمیں اکثر کہا جاتا ہے کہ اپوزیشن کام کرنے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے لیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود کے ایم سی کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے، کاش ہمارے ملک میں ایسے حکمران ہوں جنہیں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر یاد رکھا جائے، بدقسمتی سے ہر کوئی اپنی سیاست میں مصروف ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی، پنجاب میں نون لیگ اور بلوچستان میں مسلسل بدانتظامی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بلدیاتی نظام کی بات کی جائے تو پنجاب نے بلدیاتی سسٹم ہی نہیں دیا، بلوچستان میں بھی صورتحال مایوس کن ہے اور سندھ میں موجودہ بلدیاتی نظام تباہ حالی کا شکار ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ کس طرح دو بھائیوں کی ملی بھگت سے کراچی کو برباد کر دیا گیا، ہمارے 14 چیئرمینز اور ریزرو نشستوں پر منتخب بلدیاتی نمائندے اب بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، چاہے وہ کے ایم سی ہو یا ضلعی سطح پر، ہمارے چیئرمینز ہر یونین کونسل میں عوامی مسائل پر آواز اٹھائیں گے، ہمیں گھبرانا نہیں ہے کیونکہ کراچی نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں ووٹ دیا ہے، بلدیاتی انتخابات سے لے کر عام انتخابات تک کراچی نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، جہاں بھی حکومتی بے ضابطگیاں یا عوامی مسائل ہوں گے، ہم بھرپور احتجاج کریں گے اور عوام کی آواز بنیں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کی کارکردگی کے ایم سی
پڑھیں:
غزہ میں سیز فائر عظیم فتح ہے جو اہل غزہ کی استقامت کا نتیجہ ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم چیئرمین کا کہنا تھا کہ سید حسن نصر اللہ شہید، اسماعیل ہنیہ شہید، یحییٰ السنوار شہید اور صالح العروری شہید جیسے رہنما ان قربانیوں کے معمار ہیں جنہوں نے فلسطینی عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف جدوجہد میں ایک نئی روح پھونکی۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں سیز فائر ایک عظیم فتح کی علامت ہے جو اہل غزہ کی بے مثال قربانیوں، صبر، شجاعت، استقامت اور جرات کا نتیجہ ہے، یہ فلسطین کے مظلوم عوام کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف ان کی جدوجہد کسی بھی طاقت کو جھکانے کی صلاحیت رکھتی ہے، غزہ کے عوام نے بے پناہ مشکلات اور مصائب کے باوجود جس ہمت اور دلیری سے آزادی کی جنگ لڑی، وہ تاریخ کے سنہری ابواب میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہے گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ سیز فائر نہ صرف فلسطینی عوام کی کامیابی ہے بلکہ پوری امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، اس عظیم کامیابی پر ان تمام رہنماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اس جدوجہد کی قیادت کی اور اسے کامیابی تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سید حسن نصر اللہ شہید، اسماعیل ہنیہ شہید، یحییٰ السنوار شہید اور صالح العروری شہید جیسے رہنما ان قربانیوں کے معمار ہیں جنہوں نے فلسطینی عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف جدوجہد میں ایک نئی روح پھونکی، اس کے ساتھ ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے خون سے آزادی کی تاریخ رقم کی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہداء کا خون اس راہ کی سب سے بڑی دلیل ہے کہ حق کی جیت یقینی ہے، چاہے دشمن کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، ہم اہل غزہ کو ان کی استقامت، بہادری اور قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے، اس عظیم کامیابی کے بعد یہ ضروری ہے کہ پوری امت مسلمہ اور عالمی برادری فلسطینی عوام کی مکمل آزادی اور حقوق کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کریں، یہ جنگ تو عارضی طور پر بند ہوچکی ہے لیکن فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی اور وہ دن دور نہیں جب یہ مظلوم قوم اپنی زمین پر مکمل آزادی اور خود مختاری کے ساتھ کھڑی ہوگی۔