پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیار ہیں: سلمان علی آغا
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیار ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ صائم ایوب کی رپورٹس تو یہی ہیں کہ وہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹھیک ہو جائیں گے، آپ سب بھی دعا کریں کہ وہ جلدی ٹھیک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ باؤلنگ پر کافی کام کیا تھا جس کے نتائج اچھے آئے، بیٹنگ میں کسی بھی نمبر پر کھیلنے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی، انٹرنیشنل سٹیڈیمز میں لوگ قریب سے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں، یہاں پر بھی اب شائقین اپنے سٹارز کو قریب سے دیکھ سکیں گے جو کافی اچھا ہے۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ لمبا سیزن کھیل کر آئے ہیں اور آگے بھی لمبا سیزن ہے تو تیاری اچھی ہے، چیمپئنز ٹرافی ہمارے دماغ میں ہے لیکن اس سے پہلے ویسٹ انڈیز سیریز چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوشش کریں گے کہ جس طرح کی پرفارمنس گزشتہ سال دی ہے ویسے ہی دیتے رہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ دفاعی چیمپئن ہے اس پر پریشر زیادہ ہوگا لیکن کوشش کریں گے اچھی پرفارمنس دیں اور جیتیں۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہمیں پتا ہے کون سے کھلاڑی پک کرنے ہیں، تیاری مکمل ہے، فہیم اشرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی جان تھے، ان کی کمی پوری نہیں کرسکتے، فرنچائز کرکٹ میں کھلاڑیوں کو جانا پڑتا ہے، فہیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی سلمان علی نے کہا کہ
پڑھیں:
صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے باہر؟اہم انکشاف
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے، گزشتہ روز صائم سے فون پر بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ صحتیاب ہونے میں تین ہفتے لگیں گے، جس کے بعد ری ہیب ہوگا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ صائم ایوب سے ان کی گزشتہ روز فون پر بات ہوئی تھی تاکہ خیریت دریافت کی جاسکے، جس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں مزید 3 ہفتے لگ سکتے ہیں، جس کے بعد انکا ری ہیب شروع ہوگا۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نے بطور بڑے بھائی اور کرکٹر اُسے مشورہ دیا ہے کہ تمہیں اگر ذرا بھی درد ہو تو جلد بازی نہ کرنا، مکمل آرام کرکے ٹیم میں واپس آؤ تاکہ انجری بعد میں مزید گمبھیر صورتحال اختیار نہ کرجائے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب جس فارم میں کھیل رہے تھے ان کی انجری سے پاکستان کو ضرور نقصان ہوگا لیکن میں پھر وہی بات ہمارے پاس انکا بیک اَپ تیار نہیں ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس میچ ووننگ پلئیرز کم ہیں اسی لیے بیک اَپ رکھنے کا ذکر کرتا ہوں لیکن امید کرسکتے ہیں قومی ٹیم ایونٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد اور پھر بیٹیوں کی پیدائش کے بعد میں نے اپنی زندگی کو بدلتے اور بہت بدلتے دیکھا، ماں کی طرح اولاد کیلئے وقت نکالنا باپ کی بھی ذمہ داری ہے، میرے نزدیک آج کل کے حالات میں ماں سے زیادہ باپ کی ذمہ داری بنتی ہے۔
دوران گفتگو شاہد آفریدی نے بیٹیوں سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے کہا کہ اگر بیگم سے کبھی ’’تُو تُو میں میں‘‘ ہوجائے تو بیٹیاں ماں کے ساتھ بلیوں کی طرح کھڑی ہوجاتی ہیں، پھر میں اہلیہ کو بھی کچھ نہیں کہہ پاتا۔