Nawaiwaqt:
2025-01-31@03:42:02 GMT

لبنان جنگ بندی معاہدے میں نئی پیش رفت

اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT

لبنان جنگ بندی معاہدے میں نئی پیش رفت

ایجنسی فرانس پریس نے جمعہ کے روز فرانسیسی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد ایک "متحرک" مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اس نئی پیش رفت سے اسرائیلی افواج کا انخلا شروع ہو جائے گا اور لبنانی فوج کو جنوبی لبنان میں تعینات کیا جا سکے گا۔ایک فرانسیسی اہلکار، جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، نے اعلان کیا کہ مسلح افواج اور خارجہ امور کے فرانسیسی وزرا سیبسٹین لیکورنو اور جین نول بیروٹ اور پھر امریکی ایلچی آموس ہوچسٹین کے 6 جنوری کو لبنان کے مشترکہ دورے نے ایک نیا پیغام اور ایک نئی جہت متعارف کی ہے  انہوں نے مزید کہا کہ اس سے میکانزم کو سیاسی حمایت ملی اور اسرائیلی افواج کے بڑے پیمانے پر انخلا اور دریائے اللیطانی کے جنوب میں لبنانی افواج کی تعیناتی کے موثر آغاز کا موقع مل گیا ہے۔اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک سال سے زیادہ عرصے کی دشمنی کے بعد 27 نومبر کو جنگ بندی نافذ ہوئی تھی۔ ایک سالہ جنگ کے دوران دو ماہ کی وہ شدید جنگ بھی شامل ہے جس میں اسرائیلی افواج لبنان میں داخل ہوگئی تھیں اور صہیونی فورسز نے لبنان کے علاقوں پر بمباری شدید کردی تھی۔جنگ بندی کے معاہدے کے تحت لبنانی فوج کو جنوب میں امن دستوں کے ساتھ تعینات کیا جانا ہے۔ اسرائیلی فوج کو 26 جنوری کو ختم ہونے والے 60 دن کی مدت میں انخلا کرنا ہے۔ معاہدے پر عمل کے لیے ایک مانیٹرنگ میکانزم بھی قائم کیا گیا تھا جس میں فرانس، امریکہ، لبنان، اسرائیل اور لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (UNIFIL) شامل تھی۔جنوبی لبنان میں اب تک مزید لبنانی فوج کے 4,500 فوجی تعینات کیے جا چکے ہیں۔ جنوبی لبنان میں لبنانی فوجیوں کی تعداد 10ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اسرائیلی افواج کا ایک تہائی دستہ واپس جا چکا ہے۔ایک اور فرانسیسی اہلکار نے بتایا ہے کہ طے کردہ 60 میں سے باقی رہ جانے والے پندرہ دنوں میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔ یاد رہے اسرائیلی فوج حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنگ بندی کی ریکارڈ شدہ خلاف ورزیوں کی تعداد پہلے ہفتے کی نسبت کچھ کم ہوگئی ہے۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: لبنانی فوج

پڑھیں:

یو این آر ڈبلیو اے کے خاتمے کی اجازت ‘فائر بندی معاہدے کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا.پاکستان

نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 جنوری ۔2025 )پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کے خاتمے کی اجازت دینا فائر بندی معاہدے کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا اور غزہ کی بحالی اور سیاسی منتقلی کے کسی بھی امکان کو سبوتاژکر دے گا.

(جاری ہے)

پاکستان نے یو این آر ڈبلیو اے کو لاکھوں فلسطینی مہاجرین کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ فائر بندی کے موثر نفاذ، ضروری انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یو این آر ڈبلیو اے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کو نشانہ بنا کر اسرائیل نہ صرف فلسطینی عوام کو دی جانے والی انسانی امداد کا ڈھانچہ ختم کرنا چاہتا ہے بلکہ ان کی شناخت اور ان کے جائز حقوق کو بھی مٹانے کے درپے ہے تاکہ انصاف اور امن کے لیے ان کی جدوجہد کو کمزور کیا جا سکے.

انہوں نے خبردار کیا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے وجود اور بقا کو آج شدید خطرہ لاحق ہے خاص طور پر اس اسرائیلی قانون سازی کے نتیجے میں جو 28 اکتوبر 2024 کو اسرائیلی پارلیمان میں منظور کی گئی تھی اور جس پر اگلے 48 گھنٹوں میں عملدرآمد متوقع ہے. اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کا وسیع نیٹ ورک جس میں سکول، صحت عامہ کی سہولیات اور انسانی امدادی خدمات شامل ہیں اپنی نوعیت میں بے مثال اور ناگزیر ہے یہ ادارہ لاکھوں افراد کو زندگی بچانے والی مدد، ہزاروں بچوں کی تعلیم کی بحالی، اور لاکھوں فلسطینیوں کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے.

پاکستانی مندوب نے کہاکہ یو این آر ڈبلیو اے پر پابندی عائد کرنے کا اسرائیلی قانون بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور 19 جولائی 2024 کو دیے گئے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے مشاورتی فیصلے کی صریح خلاف ورزی ہے انہوں نے واضح کیا کہ ایک قابض طاقت کے طور پر اسرائیل کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے کسی بھی ادارے کو بند کرے خاص طور پر مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں یو این آر ڈبلیو اے کے دفاتر کو منیر اکرم نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ اسرائیل کے اقدامات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں یو این آر ڈبلیو اے کے مینڈیٹ کی تجدید کی گئی ہے.

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی نو دسمبر 2024 کی اس یادداشت کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے رکن ملک کی حیثیت سے اسرائیل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ یو این آر ڈبلیو اے کے کام میں سہولت فراہم کرے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2 (5) میں درج ہے سفیر منیر اکرم نے اسرائیل کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے پر لگائے گئے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کولونا رپورٹ میں ان الزامات کی تصدیق نہیں ہوئی اگر کوئی شکوک و شبہات ہیں تو ان کی مکمل اقوام متحدہ کی تحقیقات کے ذریعے وضاحت ہونی چاہیے.

پاکستانی مندوب نے فائر بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کے تمام مراحل مکمل طور پر نافذ کیے جائیں گے اور فائربندی مستقل شکل اختیار کرے گی جس میں اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا، غزہ کے بے گھر اور متاثرہ افراد کے لیے فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی شامل ہیں منیر اکرم نے کہا کہ ہمیں فائر بندی کے مکمل نفاذ، غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور متاثرہ و بے گھر فلسطینی عوام کو فوری اور بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی کی امید ہے ہم نے اسرائیل کی جانب سے فائر بندی کے بعد حملے دوبارہ شروع کرنے کی دھمکیوں کو بھی نوٹ کیا ہے.

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 79/81 قرارداد کا بھی خیرمقدم کیا جس کے تحت جون 2025 میں فرانس اور سعودی عرب کی میزبانی میں ایک اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں امید ہے کہ فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل پر اتفاق کیا جائے گا. سفیر اکرم نے دو ریاستی حل کے حصول کے لیے ایک جامع سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ان کا کہنا تھا ہمیں اس بات پر بھی تشویش ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیل اور آبادکاروں کے فلسطینیوں پر تشدد کو روکنے کے لیے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا ہے ہمیں غزہ اور مغربی کنارے میں امن برقرار رکھنا ہے ہمیں فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے میں مدد کرنی چاہیے جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 (2024) میں تصور کیا گیا ہے اور اس کے نفاذ کے لیے مناسب بین الاقوامی وسائل کو متحرک کرنا چاہیے.

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کا کہنا تھاکہ ہمیں ان اقدامات کی مخالفت کرنی چاہیے جو فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور ریاستی تشخص کو ختم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں اس کے بجائے ہمیں ایسے اقدامات کرنے چاہییں جو دو ریاستی حل کو ناگزیر بنا دیں بشمول ریاست فلسطین کو عالمی سطح پر تسلیم کرنا اور اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کے لیے اس کی جلد منظوری کو یقینی بنانا.

انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی سب سے موثر، قابل عمل اور منصفانہ فریم ورک ہے جو نہ صرف فلسطینی عوام اور اسرائیل کے درمیان بلکہ عرب و مسلم دنیا کے ساتھ بھی امن کا ضامن بن سکتا ہے منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان بطور رکن دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا.

متعلقہ مضامین

  • غزہ ‘ لبنان :اسرائیلی کارروائی میں ترکیہ کے 3 شہری اور10 فلسطینی شہید(حماس نے 8‘ اسرائیل نے110فلسطینی رہا کر دیے)
  • غزہ جنگ بندی: حماس نے اسرائیل کی خاتون فوجی اہلکار کو رہا کردیا
  • امریکی ایلچی کی جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد اور اگلے مرحلے پر اسرائیل سے بات چیت
  • امریکی خصوصی ایلچی کا دورۂ اسرائیل؛ جنگ بندی معاہدے پر تبادلۂ خیال ہوگا
  • یو این آر ڈبلیو اے کے خاتمے کی اجازت ‘فائر بندی معاہدے کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا.پاکستان
  • قطر جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے ماحول سازگار بنانے کیلئے سرگرم
  • غزہ پٹی کے مستقبل کی منصوبہ بندی کا وقت آ چکا، چانسلر شولس
  • مذموم اسرائیلی سازشوں کو ناکام بنانے پر حزب اللہ لبنان کیجانب سے ملکی عوام کا شکریہ
  • جنگ بندی معاہدے میں پیشرفت پر بات چیت کیلئے حماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا
  • جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے جن 26 افراد کو رہا کیا جانا ہے ان میں8 اب زندہ نہیں ہیں.اسرائیلی ترجمان