کراچی؛ گھریلو تنازعے پر شوہر کی بیوی پر فائرنگ، موت کے گھاٹ اتار دیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
بلدیہ ٹاؤن میں گھریلو تنازعہ پر شوہر نے بیوی پر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ایس ایچ او بلدیہ عمران سعد نے بتایا کہ بلدیہ ٹاؤن ساڑھے پانچ نمبر طوفان کولڈرنک کے قریب گھر میں شوہر نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔مقتولہ کی شناخت 25 سالہ مہر النساء زوجہ محمد حسین کے نام سے ہوئی جبکہ مقتولہ کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق شوہر نے گھریلو تنازعہ پر اپنی اہلیہ کو قتل کیا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر محمد حسین کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔مقتولہ کے دو بچے ہیں جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
گرفتار شوہر نجی ادارے میں ملازم ہے پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی؛ 14سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانیوالا ملزم گرفتار
کراچی:منگھوپیر پولیس نے نوعمر لڑکی کو مبینہ طور زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے جاری اعلامیے کے مطابق منگھوپیر پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر 14 سالہ معصوم بچی سے زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم صفدر خان ولد بختیار خان کو گرفتار کرلیا۔
ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ بچی کے والد نے میری والدہ کو بہن بنایا ہوا تھا، بچی کا والد اپنی بیٹی کو میری والدہ کے پاس چھوڑ کر گیا تھا میں نے 8/10 دن قبل موقع ملنے پر بچی کو گھر سے باہر لے جاکر اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور بچی کے اصرار پر میں خود بچی کو اس کے چچا کے گھر چھوڑ کر آیا تھا، واقعہ کی خبر سوشل میڈیا پر آنے کی وجہ سے موبائل فون بند کر کے فرار ہوگیا تھا۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کی اطلاع جمعرات کو متاثرہ لڑکی کی والدہ نے منگھوپیر پولیس کو دی تھی جبکہ انہی کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ، پولیس نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔