سندھ میں بدامنی‘سکھر میں جماعت اسلامی کی آل پارٹیز کل ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
اسداللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد صدرایم ڈبلیو ایم علامہ سید باقر زیدی کو اے پی سی کا دعو ت نامہ دے رہاہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اسداللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے مجلس وحدت المسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ اسعد اقبال زیدی، اقلیتی رہنما ایڈووکیٹ یونس سوہن سے الگ الگ ملاقاتیں کر کے انہیں جماعت اسلامی کی جانب سے 12 جنوری کو سکھر میں بدامنی اور ڈاکو راج کے خاتمے کیلیے ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔رہنماوں نے سندھ میں قیام امن کے حوالے سے جماعت اسلامی کی اے پی سی کا خیر مقدم اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے شرکت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سندھ کے سابق امیر محمد حسین محنتی، سیکرٹری اطلاعات سندھ مجاہد چنا، عمران شاہد بھی ساتھ موجود تھے۔ اسداللہ بھٹو نے کہاکہ حکمرانوں کا بجٹ بنانے سے لیکر بجلی، گیس اور پٹرول قیمتوں میں ردوبدل کے لیے بھی آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط کرنا بدترین غلامی ہے۔جو وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھی ائی ایم ایف کے پاس جانے کا عندیہ دے وہ ملک و قوم کو مہنگائی سودی معیشت سمیت درپیش مسائل اور بحرانوں سے کیسے نکال سکتا ہے یہ ان کی فارم 47 کے تحت قوم پر مسلط کئے جانے کی دلیل ہے۔ پی ٹی آئی اور حکومت مذاکرات کے نام پر کمیٹی کمٹی کھیلنے کی بجائے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھ کر ملک کو آگے بڑھانے کے لیے حل تلاش کریں۔فوجی عدالتوں میں سولین کا ٹرائل جمہوریت کی نفی اور جمہوریت کی دعویدار پارٹیوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ باالائی سندھ میں اغوا، ڈکیتی اور قبائلی تصادم کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اس لیے جماعت اسلامی نے اتوار کو اے پی سی طلب کی ہے تاکہ سیاسی جماعتیں امن کی بحالی کے لیے کوئی لائحہ عمل مرتب کریں اور عوام کوئی سکھ کا سانس لیں۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید اسعد اقبال زیدی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن سازی کے لیے ضروری ہے کہ جو بھی امن قائم کرنے کے لیے جس انداز سے بھی قدم اٹھاتا ہے ہمیں ان کا بھرپور ساتھ دینا چاہئے کیونکہ وہ کسی ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے امن ہوگا۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہاکہ پورا سندھ بے امنی خاص طور پر بالائی سندھ لاڑکانہ و سکھر ڈویڑن میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے حکومت کو شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے چاہیں۔ اقلیتی رہنما ایڈووکیٹ یونس سوہن نے کہا کہ امن کے لیے جماعت اسلامی کی کاوشیں قابل قدر ہیں پورا سندھ بدامنی کا شکار خاص طور پر کاروبار سے وابستہ ہندو برادری سخت متاثر ہیں سنگرار سکھر کے علاقے سے معصوم بچی پریا کمار ساڑھے تین سال سے لاپتہ ہے حکومت بازیابی میں ناکام ہے کئی ہندو خاندان اپنے آبائی گھر و کاروبار چھوڑ کر مجبوراً بھارت ہجرت کرگئے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی کی علامہ سید صدر علامہ سندھ کے کے لیے
پڑھیں:
غزہ میں جنگ بندی: جماعت اسلامی کا کل یوم تشکر منانے کا اعلان
لاہور: غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے بعد جماعت اسلامی نے کل ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ بندی کے بعد 17 جنوری (بروز جمعہ) ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا، اسرائیل جس حماس کو مٹانے کی بات کرتا تھا آج اس سے ہی معاہدہ کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے امریکی سرپرستی میں حماس اور غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا اعلان کیا تھا، 15 مہینوں سے فلسطینیوں کی بدترین نسل کشی کرتا رہا، مگر آج اسی حماس سے جنگ بندی کا معاہدہ کرنا پڑا ہے، یہ صرف اسرائیل کی نہیں بلکہ امریکہ کی بھی شکست ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج اہل غزہ سرخرو ہوگئے، یقیناً اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار اپنے بھائیوں کی جیت کا نظارہ کر رہے ہونگے، شہداء اہل غزہ کے جشن کا نظارہ کر رہے ہوں گے۔