پی آئی اے کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال، پہلی پرواز پیرس روانہ
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
اسلام آباد: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ساڑھے چار سال کے طویل وقفے کے بعد یورپ کے لیے فضائی آپریشن بحال کر دیا۔ پہلی پرواز پیرس کے لیے روانہ ہو گئی، جسے وفاقی وزیرِ ہوابازی خواجہ آصف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کے دوران رخصت کیا۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد پی آئی اے نے یورپ کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں وزیرِ ہوابازی کے ساتھ پی آئی اے کے سی ای او، سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے ایک “تاریخی لمحہ” قرار دیا اور یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پی آئی اے کا معائنہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ پروازوں کی اجازت دی۔
پیرس کے لیے دو ہفتہ وار پروازیں
پی آئی اے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے پیرس کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کرے گی۔ پہلی پرواز میں 300 سے زائد مسافر موجود تھے، جنہیں پیرس پہنچنے پر ایئرپورٹ پر خصوصی واٹر سیلوٹ دیا جائے گا، جبکہ پاکستانی سفارتخانے کے نمائندے استقبال کریں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پیرس کے لیے آئندہ چار پروازیں مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں، جس سے مسافروں کی جانب سے زبردست ردعمل ظاہر ہوتا ہے۔ دورانِ پرواز مسافر موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کے ذریعے انٹرٹینمنٹ سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
2025: پاکستانی ہوابازی کے لیے اہم سال
ڈی جی سول ایوی ایشن نادر شفیع ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ 2025 پاکستان کی ہوابازی صنعت کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوگا۔ پہلی پرواز پیرس کے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے لینڈ کرے گی۔
یہ بحالی نہ صرف یورپ میں پاکستانی مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے بلکہ پی آئی اے کے لیے عالمی سطح پر بحالی کا سنگ میل بھی ثابت ہوگی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پیرس کے لیے پہلی پرواز پی آئی اے
پڑھیں:
پاکستان سے حج پروازوں کا باضابطہ آغاز، پہلی پرواز 442 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ
اسلام آباد:پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے کی پہلی حج پرواز پی کے 713 آج صبح 4 بج کر 45 منٹ پر 442 عازمین حج کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔
عازمین کو الوداع کہنے کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس موقع پر عازمین حج کو خصوصی تحائف بھی دیے گئے۔
مزید پڑھیں: منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کیلئے نئی آرام گاہیں بنانے کا فیصلہ
آج ہی کے روز کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہو گی، جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 حجاج کرام کو لے کر روانہ ہو گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس سال قومی ایئر لائن کے ذریعے تقریباً 35,200 سرکاری اسکیم کے تحت منتخب عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی حج پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
حج آپریشن کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں خصوصی حج پروازیں پاکستان سے مدینہ منورہ روانہ ہوں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں عازمین کو جدہ لے جایا جائے گا۔
پی آئی اے اس سال اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، اور کوئٹہ سمیت ملک کے 6 بڑے شہروں سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔
مزید پڑھیں: گرمیوں کے حج سے چھٹی! سعودی اعلان نے حجاج کو خوش کر دیا
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر سعودی حکومت کے تعاون سے "روڈ ٹو مکہ" (طریق مکہ) سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت حجاج کرام سعودی امیگریشن کی کارروائی پاکستان میں مکمل کروا کر روانہ ہوں گے جس سے سعودی عرب میں ان کا وقت اور مشقت کم ہو جائے گی۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ بعد از حج آپریشن 10 جون سے شروع ہو گا اور 10 جولائی کو اختتام پذیر ہو گا۔