اسلام آباد، چیئرمین ایچ ای سی سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
ملاقات میں گلگت بلتستان الیکشن کمیشن میں 16 اور 17 گریڈ کے خالی آسامیوں کے حوالے سے جاری بھرتی کے عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں سبجیکٹیو ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان الیکشن کمیشن میں 16 اور 17 گریڈ کے خالی آسامیوں کے حوالے سے جاری بھرتی کے عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں سبجیکٹیو ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد نے یقین دہانی کرائی کہ دوسرے مرحلے کے سبجیکٹیو ٹیسٹ کا انعقاد جلد اور شفاف طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے مزید کہا کہ ٹیسٹنگ کے عمل کو مکمل شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق سرانجام دیا جائے گا، جس کے بعد انٹرویو کے مرحلے کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اُمیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ بہترین اور موزوں امیدواروں کا انتخاب کیا جا سکے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اس حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ایچ ای سی کے اس اشتراک سے بھرتی کے عمل کو شفاف اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے میں مدد ملے گی، جو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیسٹنگ کونسل اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اپنی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں صوبائی الیکشن کمشنر عابد رضا اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: الیکشن کمشنر ملاقات میں کے عمل
پڑھیں:
گلگت بلتستان، بجلی کے منصوبوں کی منظور شدہ لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ
ذرائع محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے مطابق منصوبوں کو عوامی مفاد کے مطابق مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بہت سارے منصوبے سیاسی وابستگی کی وجہ سے شامل کیے جاتے ہیں جو کہ زیادہ اہمیت کے حامل نہیں ہوتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظور شدہ لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گیا۔ گلگت بلتستان سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بجلی کے منصوبوں کے لئے منظور شدہ لاگت سے مختص شدہ لاگت( allocation) سات گنا زیادہ ہو گئی۔ مختص شدہ لاگت یا رقم کے حساب سے جاری منصوبوں کو مکمل ہونے میں کم سے کم سات سال کا عرصہ درکار ہوگا اور منصوبوں کی لاگت میں مزید اضافہ ہوگا اور منصوبے بروقت مکمل نہیں ہوسکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پرانے یا جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے بجائے نئے منصوبے شامل کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے پرانے اور جاری منصوبے بیمار یا ریوائز پر چلے جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام 25۔2024ء میں گلگت بلتستان میں بجلی کے 90 منصوبے شامل ہیں جن میں سے 75 جاری اور 15 نئی سکیمیں رکھی گئی ہیں۔ 90 منصوبوں کے لئے منظور شدہ تخمینہ لاگت 23 ارب 25 کروڑ 15 لاکھ 29 ہزار روپے جبکہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں منصوبوں کے لئے 3 ارب 22 کروڑ 44 لاکھ 74 ہزار روپے مختص کئے گئے۔ جو کہ تخمینہ شدہ لاگت سے 7 گنا کم ہیں۔ اے ڈی پی 2024- 25ء میں 14 سکیموں کو ٹارگٹ رکھا گیا ہے جو کہ اس سال مکمل ہونگی۔ 75 جاری منصوبوں کے لئے اے ڈی پی میں 3 ارب 6 کروڑ 47 لاکھ 3 ہزار روپے جبکہ 15 نئے منصوبوں کے لیے صرف 15 کروڑ 97 لاکھ 71 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جبکہ 75 جاری منصوبوں کے لئے نئے اے ڈی پی میں 11 ارب 37 کروڑ 35 لاکھ 41 ہزار روپے اور 15 نئے منصوبوں کے لئے 2 ارب 50 کروڑ 52 لاکھ 29 ہزار روپے درکار ہونگے۔ رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان سالانہ ترقیاتی پروگرام 25۔ 2024ء میں جاری یا نامکمل منصوبوں میں 2008ء سے تکمیل کے منتظر 500 کلو واٹ کھنر دیامر جیسے منصوبے بھی شامل ہیں جس کی منظور شدہ تخمینہ لاگت 2008ء میں صرف 7 کروڑ 10 لاکھ روپے تھی لیکن تکمیل کے منتظر اس منصوبے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور اب بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ اسی طرح 2011ء میں منظور شدہ منصوبہ 700 کلو واٹ بٹوگاہ فیز 3 بھی شامل ہے جو کہ اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔ اسی طرح سالانہ ترقیاتی پروگرام 24۔ 2023ء میں بجلی کے 115 منصوبوں جن میں 99 جاری اور 16 نئے منصوبے شامل تھے جاری منصوبوں کی تخمینہ لاگت 21 ارب 64 کروڑ 94 لاکھ 58 ہزار روپے اور نئے منصوبوں کے لئے 1 ارب 33 کروڑ 85 لاکھ روپے رکھے گئے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23ء میں توانائی کی 102 سکیموں میں سے جاری 85 اور نئے 17 شامل تھے۔ جن کی تخمینہ لاگت 21 ارب 15 کروڑ 77 لاکھ 17 ہزار روپے تھی۔ گزشتہ 3 سال کی اے ڈی پی میں تخمینہ لاگت اور مختص لاگت میں کئی گنا کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔ ذرائع محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے مطابق منصوبوں کو عوامی مفاد کے مطابق مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بہت سارے منصوبے سیاسی وابستگی کی وجہ سے شامل کیے جاتے ہیں جو کہ زیادہ اہمیت کے حامل نہیں ہوتے ہیں۔ نظام تبدیل کیے بنا منصوبے بروقت مکمل نہیں ہو سکتے ہیں۔ بجلی کے لئے نظام کو درست کرکے لائن لاسسز اور لاگت جیسے مسائل کو حل کر کے ہی بجلی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکتا ہے۔