فرخ سجاد، ایک اور روشن ستارہ جو خاموش ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
اسلام ٹائمز: جو چیز مرحوم فرخ بھائی کو باقی وسیع تنظیمی حلقوں میں نمایاں کرتی تھی وہ انکا تقوی، زہد اور سادگی تھی جو تمام حلقوں میں زبان زد عام تھی اور یہی چیز باعث بنتی تھی کہ تمام احباب بلا تفریق انکو احترام کی نظر سے دیکھتے تھے جو آج کے زمانے بہت ہی شاذ و نادر دیکھنے میں آتا ہے۔ جب بھی کسی تنظیمی یا تربیتی امور کے بہانے ان سے ملاقات کا موقع ملا تو جو چیز نمایاں طور سے ان میں جلوہ گر تھی وہ انکے اندر موجود اطمینان اور ٹھہراؤ کی کیفیت تھی۔ تحریر: جری حیدر (قم المقدسہ)
سینیئر برادر فرخ سجاد بھائی کے داغِ مفارقت دے جانے کی نہایت ہی افسوسناک خبر سننے کو ملی جس نے دل کو بہت رنجیدہ کیا۔ خدا مرحوم برادر فرخ سجاد کو اپنے خاص کرم و مغفرت سے ہمکنار فرمائے۔ مرحوم سادگی، خلوص اور تنظیمی روایات کا مجسم آئینہ تھے۔ تنظیمی حلقوں میں مختلف فکری اور عملی طرزِ تفکر اور زاویے ایک فطری عمل ہے، یہی تنظیم کا حسن ہے بلکہ دوسروں الفاظ میں تنظیم اسی مجموعے کو کہا جاتا ہے جو ایک بڑے مشترکہ ہدف کے تحت مختلف طرز فکر رکھنے والے احباب اور گروہ کو منسجم اور مجسم کرسکے۔
جو چیز مرحوم فرخ بھائی کو باقی وسیع تنظیمی حلقوں میں نمایاں کرتی تھی وہ انکا تقوی، زہد اور سادگی تھی جو تمام حلقوں میں زبان زد عام تھی اور یہی چیز باعث بنتی تھی کہ تمام احباب بلا تفریق انکو احترام کی نظر سے دیکھتے تھے جو آج کے زمانے بہت ہی شاذ و نادر دیکھنے میں آتا ہے۔ جب بھی کسی تنظیمی یا تربیتی امور کے بہانے ان سے ملاقات کا موقع ملا تو جو چیز نمایاں طور سے ان میں جلوہ گر تھی وہ انکے اندر موجود اطمینان اور ٹھہراؤ کی کیفیت تھی۔ موجودہ زمانے میں جہاں مادیت اور دکھاوا ہر جگہ سرچڑھ کر بول رہا ہے اور انسانی زندگی میں ٹھہراؤ نام کی چیز باقی نہیں بچی۔
ایسے وقت میں فرخ سجاد بھائی کی شخصیت کراچی کے تنظیمی نوجوانوں کیلئے کسی سایہ دار شجر سے کم نہ تھی کہ انکو دیکھ کر نوجوان یہ یقین اور سکوں پاتے تھے کہ جو واقعات اور یادیں مختلف علماء، بزرگان، شہداء اور سابقہ سینیئرز کے بارے میں انھوں نے سن رکھی ہیں وہ صرف قصے کہانیاں نہیں بلکہ اس دور میں بھی ویسا طرز عمل عملی طور سے تنظیمی افراد میں پایا جاسکتا ہے جس کا مصداق فرخ بھائی تھے۔ ایک اور جو خصوصیت ان میں بہت نمایاں طور سے جلوہ نما تھی وہ انکا سارے امکانات مہیا ہوتے ہوئے بھی کسی بھی طرح سے نام و نمود سے دور رہنا تھا۔
فرخ سجاد ہمیشہ پروگراموں میں اہم ترین کردار ادا کرنے کے باوجود پروگراموں کے دوران سب سے خاموش اور اپنے آپ کو کم نمایاں کرنے والی شخصیت ہوتے تھے کہ اکثر لوگ سمجھتے تھے کہ پروگرام میں شاید انکو صرف رسمی سی عمومی دعوت ہی ملی ہوگی۔ مجھے یاد ہے کہ آئی ایس او کراچی ڈویژن کی جانب سے ایک علمی مذاکرے میں مہمان کے طور سے شرکت کرنے کا موقع ملا تو دوسری جانب فرخ بھائی مہمان کے طور سے مدعو تھے۔ نشست میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران جو بھی سوال انکو محسوس ہوتا تھا کہ بعنوان عالم دین زیادہ مناسب ہے کہ میں اسکا جواب دوں۔
سوال کا جواب معلوم ہوتے ہوئے بھی وہ بلاجھجک سوال کو میری طرف پلٹا دیتے تھے بغیر اس بات کا خیال کئے کہ نوجوان یہ نہ سوچیں کہ انھیں اسکا جواب معلوم نہیں یا وہ بہتر طور سے جواب نہیں دے سکیں گے۔ جب بھی کسی جگہ درس و دروس کیلئے مدعو کیا جاتا اور وہاں اگر فرخ بھائی موجود ہوتے تو مجھے کوئی پروگرام یاد نہیں کہ درس کے بعد فرخ بھائی نے کبھی بھی ایک شفیق سینیئر کی طرح اپنے مفید اور قابلِ استفادہ مشوروں سے محروم رکھا ہو یا اگر کوئی علمی سوال انکے ذہن میں ایجاد ہوا ہو یا پہلے سے موجود ہو اسے موضوع گفتگو بنانے میں ذرا سی بھی جھجک دکھائی ہو۔
اگر کوئی مشورہ دیا جاتا یا اعتراض ان سے کیا جاتا تو نہایت ہی خندہ پیشانی سے سنتے اور نہایت ہی خوش اسلوبی سے سامنے والے کو مطمئن کرنے کی پوری کوشش کرتے۔ دعا ہے کہ انکے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے خداوند کریم جلد کسی اور وسیلے سے پورا فرمائے۔ سب تنظیمی دوستوں اور احباب کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض ہے۔ امید ہے جن تنظیمی روایات کو فرخ بھائی اور ان جیسے باقی مخلص سینیرز نے زندہ رکھا ہوا تھا انکو انکے بعد میں آنے والے سینیئرز اور رفقائے کار زندہ رکھیں گے اور اگلی نسلوں تک کامیابی سے پہنچائیں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: فرخ بھائی بھی کسی جو چیز
پڑھیں:
حیدرآباد: سلنڈر دھماکے میں ٹائون چیئرمین کے بڑے بھائی جھلس کر زخمی
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے لطیف آباد یونٹ نمبر 12میں گیس سلنڈر کے دھماکے میںٹاؤن چیئرمین کے بڑے بھائی جھلس کر زخمی ہوگئے ،تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لطیف آبادنمبر12 کے گنجان آباد علاقے میں گیس سلنڈر لیک ہو جانے کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود ٹاؤن چیئرمین اسامہ حفیظ کے بڑے بھائی جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کردیا۔پی ٹی آئی لیڈیز ونگ حیدرآباد کی صدر افروز شورو نے سول اسپتال حیدرآباد پہنچ کر پی ٹی آئی رہنما اور ٹاؤن چیئرمین اسامہ حفیظ خان کے بڑے بھائی کی عیادت کی،افسوسناک واقعے کے بعد پی ٹی آئی حیدرآباد کے کارکنان اور عہدیداران بھی اسپتال پہنچ گئے ،افروز شورو نے اس موقع پر اسامہ حفیظ خان اور ان کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہاراور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اسامہ حفیظ خان کے بھائی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔