ٹرائل کورٹ کی سزاؤں کے ہم عادی ہوچکے ہیں، شیر افضل مروت
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ایڈوکیٹ شیر افضل مروت نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مذاکراتی عمل میں تحمل اور سنجیدگی کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی تیسری نشست تک فریقین کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ ماحول خراب نہ ہو۔شیرافضل مروت نے کہا کہ "چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ دکھانا اور بیانات دینا مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ خان صاحب نے بہت لچک دکھائی ہے اور کہا ہے کہ اگر مذاکراتی ٹیم کو ملاقات کا موقع نہ بھی دیا جائے، تو تیسرے اور چوتھے سیشن کے لیے بات چیت کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔"تحریک انصاف کے رہنما نے یہ بھی واضح کیا کہ تحریری مطالبات کو انا کا مسئلہ بنایا گیا تھا، لیکن عمران خان نے یہ موقف اختیار کیا کہ "یہ ہمارے مطالبات ہیں، انہیں تحریری طور پر دینے میں کوئی حرج نہیں۔ پوری قوم کو پتہ ہے کہ ہم مذاکرات کر رہے ہیں۔"
عدالتی فیصلے اور میڈیا کے کردار پر تنقید
شیرافضل مروت نے احتساب عدالت کے فیصلوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "ٹرائل کورٹ کی سزاؤں کے ہم عادی ہوچکے ہیں، اور ان کے فیصلوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔" انہوں نے میڈیا پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ حیران کن بات ہے کہ ایک دن پہلے میڈیا کو پتہ چل جاتا ہے کہ فیصلے کی تاریخ ملتوی کی جائے گی، اور عین وہی ہوتا ہے۔ کس نے یہ بات میڈیا کے ساتھ شیئر کی، یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ ان کیسز کا انجام سب کو معلوم ہے، اور یہ عمل عوام کے لیے بھی باعث حیرت ہے۔شیرافضل مروت نے آخر میں تمام فریقین سے اپیل کی کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
آئینی عدالت،سویلینز کے اب تک کیے گئے ملٹری ٹرائلز کی تفصیلات طلب
اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ کے آئینی بینچ نے وزارت دفاع سے سویلینز کے اب تک کیے گئے ملٹری ٹرائلز کی تفصیلات طلب کرلیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ طریقہ کار دیکھنا ہے کیا ملٹری کورٹ میں فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے ہوئے؟۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰکے 7 رکنی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں
سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس میں کہا ہے کہ نیچرل جسٹس میں کسی کو سنے بغیر سزا نہیں ہو سکتی۔ملٹری ٹرائل والے کیسز کا ریکارڈ مانگا تھا، عدالت دیکھنا چاہتی ہے کہ ٹرائل میں شہادتوں پر کیسے فیصلہ ہوا، عدالت کو یہ ریکارڈ دینے سے انکار کر دیا گیا۔کیا آرٹیکل 8(3) میں بنیادی حقوق واپس لے لیے گئے ہیں؟جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت نے پروسیجر دیکھنا ہے کیا فیئر ٹرائل کے ملٹری کورٹ میں تقاضے پورے ہوئے۔فیئر ٹرائل کا آرٹیکل 10 اے نہ بھی ہو تب بھی پروسیجر تو فالو کرنا ہوگا۔وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ سیکشن 2 ڈی ون اگر درست قرار پاتا ہے تو نتیجہ کیا ہوگا؟قانون کے سیکشنز درست پائے تو یہ ٹرائل کیخلاف درخواستیں نا قابل سماعت تھیں، ملٹری ٹرائل میں پورا پروسیجر فالو کیا جاتا ہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت نے آپ سے ملٹری ٹرائل والے کیسز کا ریکارڈ مانگا تھا، عدالت دیکھنا چاہتی ہے کہ ٹرائل میں شہادتوں پر کیسے فیصلہ ہوا، عدالت کو یہ ریکارڈ دینے سے انکار کر دیا گیا، حکومتی وکیل کو یہ جواب نہیں دینا چاہیے تھا۔خواجہ حارث نے جواب دیا کہ عدالت کو ایک کیس کا ریکارڈ جائزے کے لیے دکھا دینگے جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت نے پروسیجر دیکھنا ہے کیا فیئر ٹرائل کے ملٹری کورٹ میں تقاضے پورے ہوئے اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ ہائیکورٹس نہ ہی سپریم کورٹ میرٹس کا جائزہ لے سکتی ہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے ٹرائل میں پیش شواہد کو ڈسکس نہیں کرنا، عدالت محض شواہد کا جائزہ لینا چاہتی ہے، نیچرل جسٹس کے تحت کسی کو سنے بغیر سزا نہیں ہو سکتی۔بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج جمعہ تک ملتوی کردی، وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث دلائل جاری رکھیں گے۔